کشن گنج-بہادر گنج 4 لین سڑک کی تعمیر کا منصوبہ، 1117.01 کروڑ روپے کی لاگت سے منظور

کشن گنج ۔ بہار
کشن گنج: مرکزی وزیر برائے سڑک نقل و حمل اور قومی شاہراہیں جناب نیتن گڈکری نے کشن گنج-بہادر گنج سیکشن کی 4 لین سڑک کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے پر 1117.01 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی اور سڑک کی کل لمبائی 24.849 کلومیٹر ہوگی۔ یہ نئی سڑک قومی شاہراہ-27 اور قومی شاہراہ-327E کو جوڑے گی، جس سے علاقے میں رابطے کی صورتحال میں نیا رخ آئے گا۔
گڈکری نے اپنے ٹویٹ میں اسے ایک اہم اقتصادی کوریڈور قرار دیا ہے، جو مشرقی اور مغربی کوریڈور NH-27(نیا) / NH-31(پرانا) اور NH-327E کے درمیان براہ راست رابطہ فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا، “اس منصوبے سے سلی گوڑی ایئرپورٹ (باگ ڈوگرا) تک مختلف شہروں کی کنیکٹیویٹی میں بہتری آئے گی۔”
نئی 4 لین سڑک NH-27 کے شمالی رام پور سے شروع ہو کر بہادر گنج کے ستال استمرار کے قریب NH-327E سے جڑ جائے گی۔ یہ سڑک موجودہ دو لین روڈ کے متوازی بنے گی اور کشن گنج-بہادر گنج کے درمیان سفر کو مزید سہولت فراہم کرے گی۔
موجودہ دو لین سڑک پر مسلسل ٹریفک جام کے مسائل درپیش ہیں۔ کشن گنج شہر تک پہنچنے کے لیے ایک پرانے مہانندا پل سے گزرنا پڑتا ہے، جس پر کسی بھی چھوٹی سی خرابی کی صورت میں گھنٹوں کے ٹریفک جام کی صورت حال پیدا ہو جاتی ہے۔ اس کی وجہ سے اکثر حاملہ خواتین اور دیگر مریضوں سمیت سینکڑوں افراد جام میں پھنس جاتے ہیں۔