خان سر کا نکاح، اہلیہ کا چہرہ پہلی بار منظرِ عام پر

مشہورٹیچراوریوٹیوبر خان سر نے خاموشی سے شادی کے بعد پٹنہ میں ولیمہ دیا، جہاں پہلی بار ان کی اہلیہ کی جھلک نظر آئی؛ 6 جون کو طلبہ کے لیے خصوصی دعوت کا اعلان بھی کیا۔
ملک بھر میں ’خان سر‘ کے نام سے مشہور یوٹیوبر اور استاد نے حال ہی میں شادی کی اور پیر کے روز پٹنہ کے ایک عالیشان ریزورٹ میں ولیمہ کی تقریب کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر بہار کی سیاست اور حکومت سے جڑی کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اسی تقریب میں پہلی بار ان کی اہلیہ کے بارے میں عوامی سطح پر معلومات سامنے آئیں، جس کا طویل عرصے سے سب کو انتظار تھا۔خان سر نے کچھ دن پہلے اپنی لائیو کلاس کے دوران شادی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ان کے لاکھوں طلبہ، مداح اور فالوورز ان کی اہلیہ کو دیکھنے کے لیے بےتاب تھے۔ 2 جون کو منعقدہ اس شاندار تقریب میں آخرکار ان کی اہلیہ کی ایک جھلک نظر آئی، اگرچہ وہ گھونگھٹ میں تھیں۔ ان کا نام “اے ایس خان” بتایا جا رہا ہے، تاہم ان کی مکمل شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی گئی۔ ویسے بھی، خان سر کا اصل نام بھی اب تک زیادہ تر لوگوں کے لیے ایک معمہ ہے، اس لیے ان کی اہلیہ کی مکمل تفصیلات بھی فی الحال رازداری میں رکھی گئی ہیں۔
اس تقریب میں بہار کے گورنر، نائب وزیر اعلیٰ، وزیر تعلیم، اپوزیشن لیڈر اور مرکزی وزیر سمیت کئی سرکردہ افراد نے شرکت کی۔ان سر نے اعلان کیا ہے کہ وہ 6 جون کو اپنے طلبہ کے لیے ایک خاص دعوت کا اہتمام کریں گے، جو ان کی اپنے طلبہ سے وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔یہ بھی یاد رہے کہ خان سر نے شادی ایسے وقت میں کی تھی جب بھارت اور پاکستان کے درمیان “آپریشن سندور” کے دوران کشیدگی کا ماحول تھا، اسی لیے انہوں نے سادگی اور خاموشی سے نکاح کیا۔ خان سر کا کہنا ہے کہ ان کا خواب تھا کہ وہ فوج میں شامل ہو کر دشمنوں کے دانت کھٹے کریں، مگر خاندانی، سماجی اور رشتہ داری کی ذمہ داریوں نے انھیں ایک اور راہ پر ڈال دیا۔