جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف میں ختم بخاری تقریب یکم فروری کو

جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف میں ختم بخاری شریف کی عظیم الشان اور روح پرور تقریب یکم فروری کو
جامعہ احسن البرکات، مارہرہ مطہرہ میں آج ایک عظیم الشان اور بابرکت علمی و روحانی محفل بنام “جشنِ ختم بخاری شریف” منعقد ہوگی، جس میں سادات و مشائخ برکاتیہ نیز جامعہ احسن البرکات کے جملہ اساتذہ و طلبہ اور عوام اہلسنت شرکت کی سعادت حاصل کریں گے ۔
یہ مقدس تقریب تاج المشائخ، حضور امین ملت سید شاہ محمد امین میاں قادری برکاتی ، حضور رفیق ملت سید شاہ نجیب حیدر میاں نوری دامت برکاتہم القدسیہ کی سرپرستی و سربراہی اور استاذ الاساتذہ شیخ محمد عرفان ازہری دام ظلہ العالی صدر المدرسین جامعہ احسن البرکات کی نگرانی میں منعقد ہو رہی ہے، جو جامعہ احسن البرکات کی علمی روایت کا ایک درخشاں باب ہے۔
اس پُرنور محفل میں جامعہ اشرفیہ مبارکپور کے سینئر استاذ، خطیب اہل سنت حضرت علامہ مولانا مسعود احمد صاحب برکاتی اصح الکتب بعد کتاب اللہ یعنی “صحیح بخاری شریف” کی آخری حدیث کا درس دیں گے۔ اس موقع پر علم و حکمت کے دریا بہیں گے، روحانی برکتیں نازل ہوں گی اور اس مقدس روایت کے احیا کے ذریعہ طلبہ کو محدثین کرام کے علمی ورثے سے جوڑا جائے گا۔
اس تاریخی تقریب میں جامعہ احسن البرکات کے جملہ اساتذہ و طلبہ کے علاوہ عوام اہل سنت کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ محفل میں درود و سلام کی گونج، نعرۂ تکبیر و رسالت کی صدائیں بلند ہو گی اور قرآن و حدیث کی بارانِ رحمت محفل کو ایک روحانی جلوہ گاہ میں تبدیل کر دے گی۔
تقریب کے اختتام پر خصوصی دعائیں کی جائیں گی، جن میں امتِ مسلمہ کی سلامتی، دین و سنیت کی سربلندی، طلبہ کے علمی ارتقا اور جامعہ احسن البرکات کی ترقی و استحکام کے لیے بارگاہِ الٰہی میں التجا کی جائے گی۔ منتظمین نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ بابرکت محفل کامیابی و کامرانی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی ان شاء اللہ تعالیٰ ۔
جامعہ احسن البرکات کا یہ روحانی اجتماع اس بات کا مظہر ہے کہ آج بھی درسگاہیں محدثینِ کرام کے علمی ورثے کو زندہ رکھنے میں مصروفِ عمل ہیں، اور علم و عرفان کے چراغ روشن کرنے میں خانقاہ برکاتیہ مارہرہ مطہرہ آج بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اللہ تعالی ہم سب کو اس بابرکت محفل کے فیوض و برکات سے سرفراز فرمائے۔
مذکورہ اطلاع دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف کے ناظم تعلیمات ادیب شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی نے پریس ریلیز کے ذریعہ دیا۔