ٹیرِف پر جے رام کا وار: مودی-ٹرمپ معیشت دشمن

ٹرمپ کے ٹیرِف اعلان پر شیئر بازار میں گراوٹ آئی، جس پر جے رام رمیش نے طنز کیا کہ مودی اور ٹرمپ اپنی معیشتوں کو خود نقصان پہنچا رہے ہیں۔
پیر کے روز شیئر بازار میں شدید گراوٹ پر کانگریس کے سینئر رہنما اور جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے سخت ردِعمل ظاہر کیا۔ انھوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے طنزیہ تبصرہ کیا کہ “بازار ایک متوقع اور ‘ٹیرِفائنگ’ انداز میں ردعمل دے رہے ہیں۔،،انھوں نے “ٹیرِفائنگ” کا لفظ امریکہ کی جانب سے بھارت سمیت دیگر ممالک پر عائد کیے گئے درآمدی محصولات (ٹیرِف) کے تناظر میں استعمال کیا، جو دراصل ایک طنزیہ کھیل لفظ ہے — ٹیرِف اور ٹیرِفائنگ (خوفناک) کو ملا کر۔جے رام رمیش نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ٹرمپ دونوں اپنی اپنی معیشتوں کو خود نقصان پہنچانے کے ماہر بن چکے ہیں، اور ان کے فیصلے عالمی مالیاتی استحکام پر منفی اثر ڈال رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 2 اپریل کو امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت سمیت متعدد ممالک سے آنے والی اشیاء پر درآمدی ڈیوٹی بڑھانے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پیر کو ایشیا کے تمام بڑے شیئر بازاروں میں زبردست مندی دیکھی گئی۔