کاروبار کی دنیا

تجارت میں اسلام کی رہنمائی

ڈاکٹر محمد واسع ظفر

احقر نے سنہ 2019ء میں تجارت کے موضوع پر ایک طویل مضمون رقم کیا تھا جس کا عنوان تھا ‘‘تجارت کے چند اہم اسلامی اصول’’۔ اس مضمون میں تجارت کی اہمیت، اس کی فضیلت اور بنیادی اصول و ضوابط کو 24؍ ذیلی عناوین کے تحت لانے کی کوشش کی گئی تھی۔ ان کے ضمن میں متعدد فقہی مسائل بھی زیر بحث آگئے تھے۔ اللہ رب العزت نے اس مضمون کو بہت مقبولیت بخشی اور کئی اخبارات و رسائل نے اسے قسطوں میں شائع کیا جن میں نئی دہلی سے شائع ہونے والا سہ روزہ دعوت، حیدرآباد سے شائع ہونے والا روزنامہ منصف، ممبئی کا ہفت روزہ معیشت، کانپور کا روزنامہ متاع آخرت اور جموں کا روزنامہ لازوال شامل تھا۔ ان کے علاوہ کئی ویب سائٹس پر بھی یہ مضمون شائع ہوا جن میں مضامین ڈاٹ کام، اردو تہذیب ڈاٹ کام، اردو نیٹ جاپان، قندیل آن لائن ڈاٹ کام، اردو معیشت ڈاٹ اِن، عالمی ٹائمس ڈاٹ کام قابل ذکر ہیں۔
احباب نے اُن دنوں ہی یہ مشورہ دیا تھا کہ اس مضمون کو کتابچہ کی شکل میں شائع کرالیا جائے تاکہ یہ محفوظ بھی ہوجائے اور اس سے استفادے کا سلسلہ بھی مستقبل میں جاری و ساری رہے لیکن بعض عوامل کی وجہ سے جن میں راقم کی مشغولیت اور تساہلی کا بھی دخل ہے، یہ کام اس وقت نہیں ہوسکا۔ اب جب کہ ایک طویل وقفہ گزر چکا ہے اور احقر کو بھی اپنی تحریروں کو محفوظ کرنے کی فکر لاحق ہوگئی ہے، ایک بار پھر اس مضمون کی طرف توجہ مبذول ہوئی۔ چنانچہ اس بار عزم مصمم کے ساتھ اس کام میں جٹ گیا۔ پورے مسودے کو از سر نو ایڈٹ کیا، حوالہ جات کی بھی نئے سرے سے جانچ پڑتال کی، عبارت کے اندر کئی جگہ ترامیم اور اضافے کئے، قرآنی آیات اور احادیث کا جہاں جہاں صرف ترجمہ دیا گیا تھا وہاں متن کو بھی لانے کا اہتمام کیا گیا، تجارت کے شعبے سے متعلق اصطلاحات کے ساتھ انگریزی الفاظ بھی ڈالے گئے کیوں کہ آج کل لوگ ان سے زیادہ مانوس ہیں، ذیلی عناوین کی فہرست سازی کی گئی۔ اس طرح یہ کتابچہ آج آپ کے ہاتھوں میں ہے جس کا نام احقر نے ‘‘تجارت میں اسلام کی رہنمائی’’ رکھا ہے. یہ کتابچہ کل 92 صفحات پر مشتمل ہے۔ تجارت سے وابستہ افراد کے لئے تو ان شاء اللہ یہ مفید ثابت ہوگا ہی، عام لوگوں کے لئے بھی اس کا مطالعہ سودمند ثابت ہوگا کیوں کہ خرید و فروخت ایسی چیز ہے جس سے ہر ایک کو واسطہ پڑتا ہی ہے۔ اس لئے یہ سمجھ کر کہ رسالہ صرف تاجروں کے لئے ہے، اس کے مطالعے سے تساہل نہ برتیں۔
احقر مضمون کی نظرثانی اور مفید مشوروں کے لئے مفتی محمد شاہد نعمانی قاسمی صاحب، استاذ مدرسہ تحفیظ القرآن، سمن پورہ، راجہ بازار، پٹنہ اور مولانا نظام الدین اسامہ ندوی صاحب، ناظم مدرسہ قاسمیہ، بینی آباد، مظفر پور، بہار کا ممنون و مشکور ہے۔ خاکسار ڈاکٹر سرور عالم ندوی صاحب، استاذ و صدر شعبہ عربی، پٹنہ یونیورسٹی، پٹنہ اور مفتی محمد نافع عارفی صاحب، ریاستی جنرل سکریٹری، آل انڈیا ملی کونسل، بہار، پھلواری شریف، پٹنہ کا بھی ان کی تقاریظ کے لئے بے حد شکرگزار ہے۔ اللہ رب العزت کی بارگاہ میں یہ التجا ہے کہ وہ اس کتابچہ کو صفت قبولیت سے نوازے اور احقر کے لئے اسے ذخیرہ آخرت بنادے۔ آمین یا رب العالمین!

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

کاروبار کی دنیا

تجارت کی عالمی جنگ

عارف بہار دنیا کی دوبڑی معیشتوں امریکہ اور چین کے درمیان تزویراتی مخاصمت اب پوری طرح تجارتی محاذ تک پھیل
کاروبار کی دنیا

عید قرباں کے چند اہم معاشی پہلو

شمیم طارق ہمارے ملک میں تقریباً ۳۸؍ فیصد ایسے لوگ ہیں جو گوشت خور نہیں ہیں ۔ اس کا مطلب