سونم کے اشارے پر شوہر کا قتل،راجہ رگھوونشی کیس میں نیا موڑ

اندور کے تاجر راجہ رگھوونشی کو بیوی سونم کے اشارے پر ہی تین قاتلوں نے میگھالیہ میں قتل کر کے لاش کھائی میں پھینک دی، پولیس نے واردات میں لَو ٹرائنگل کا انکشاف کیا ہے۔
میگھالیہ پولیس نے اندور کے معروف ٹرانسپورٹ کاروباری راجہ رگھوونشی کے قتل کے سلسلے میں ہوش رُبا تفصیلات جاری کی ہیں۔ شیلانگ کے ایس پی ویویک سیئم کے مطابق، یہ واردات 23 مئی کو سوہرا کے علاقے ویسڈونگ فالس کے قریب پیش آئی، جہاں راجہ کو قتل کر کے لاش گہری کھائی میں پھینک دی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ قتل میں دو تیز دھار ہتھیار (ڈاؤ) استعمال کیے گئے۔ ان میں سے ایک برآمد کر لیا گیا ہےجب کہ دوسرا اسی کھائی میں پھینکا گیا جہاں مقتول کی لاش ملی تھی۔ اُس کی تلاش جاری ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق راجہ پر تین قاتلوں — آکاش راجپوت، وِشال سنگھ چوہان اور آنند کرمی — نے ایک ایک وار کیا۔ راجہ کی ساتھی سونم رگھوونشی بھی اس وقت موقع پر موجود تھی۔ اس نے پارکنگ میں کھڑے ہو کر قاتلوں کو اشارہ دیا اور پہلے وار کے بعد جب راجہ زخمی ہوا تو وہ چیخ کر پیچھے ہٹ گئی، تاہم تینوں ملزمان نے مل کر اس کی لاش کو کھائی میں پھینک دیا۔
پولیس کے مطابق سونم نے اپنے موبائل فون تباہ کر دیے ہیں، جو اب تک برآمد نہیں ہو سکے۔ قتل کی بنیادی وجہ بظاہر ” عشق کا تنازع ” قرار دی جا رہی ہے، مگر پولیس دیگر ممکنہ وجوہات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔ایس پی کا کہنا ہے کہ سونم اور تینوں ملزمان پہلی بار شیلانگ آئے تھے، جب کہ قتل کا منصوبہ ساز راج کشواہا، جو سونم کا مبینہ عاشق ہے، اندور میں ہی رُکا رہا تاکہ اُس کی موجودگی سے شک نہ پیدا ہو، کیونکہ وہ سونم کے گھر کی فیکٹری میں ملازم تھا۔سونم نے کرائم سین کی ری کری ایشن کے دوران اعتراف کیا کہ وہ قتل کے وقت موقع پر موجود تھی، اور قاتل اُس کے اشارے کے منتظر تھے۔ پولیس معاملے کی گہرائی سے تحقیقات کر رہی ہے۔