احمد آباد میں ہولناک فضائی حادثہ، 200 سے زائد افراد جاں بحق

احمد آباد میں مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، 200 سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی، سابق وزیراعلیٰ وجے روپانی بھی سوار تھے۔
احمد آباد میں پیش آنے والے ایک دلخراش فضائی حادثے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، حادثے میں 200 سے زائد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جب کہ درجنوں مسافر زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ذرائع کے مطابق، اس حادثے کا شکار ہونے والی پرواز میں گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی بھی موجود تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ لندن میں مقیم اپنی بیٹی سے ملاقات کے لیے سفر کر رہے تھے، جہاں ان کی اہلیہ پہلے ہی موجود تھیں۔
حادثے کی خبر منظرِ عام پر آتے ہی وجے روپانی کی رہائش گاہ کے اطراف سناٹا چھا گیا۔ مقامی رہائشیوں نے ان کی خیریت کے لیے قریبی مندر میں دعائیں کرنا شروع کر دیں۔ تاحال روپانی خاندان کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔احمد آباد کے پولیس کمشنر جی ایس ملک نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک 204 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جب کہ 41 زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کے لیے احمد آباد سول اسپتال نے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ صحت کے محکمے کے سینئر افسران نے بتایا کہ بی جے میڈیکل کالج میں ایک مرکز قائم کیا گیا ہے، جہاں لواحقین سے ڈی این اے نمونے حاصل کیے جا رہے ہیں تاکہ شناخت کا عمل مکمل کیا جا سکے۔
عینی شاہدین کے مطابق، پرواز نے روانگی کے چند منٹ بعد ہی کنٹرول کھو دیا اور سب سے پہلے بی جے میڈیکل کالج کی میس عمارت سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد قریب واقع ایک ہاسٹل کو بھی نقصان پہنچا، جہاں سینیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر رہائش پذیر تھے۔ ٹکراؤ کے ساتھ ہی ان عمارتوں میں آگ لگ گئی، جس سے کئی افراد جھلس گئے۔ریسکیو اور امدادی کارروائیوں میں فوج، بلدیاتی ادارے اور میڈیکل ٹیمیں شب و روز مصروف ہیں۔