ممبئی میں موسلادھار بارش، مونو ریل پٹری پر پھنس گئی

ممبئی میں بارش سے مونو ریل بجلی بند ہونے پر پھنس گئی، تین گھنٹے آپریشن میں پانچ سو سے زائد مسافر کرین سے بحفاظت اُتارے گئے۔
ممبئی میں شدید بارش کے باعث شہر کی زندگی متاثر ہو گئی۔ سڑکوں پر پانی بھرنے سے ٹریفک رُک گیا، ریلوے، بس اور ہوائی پروازیں بھی وقت پر نہ چل سکیں۔ بارش کا اثر مونو ریل سروس پر بھی پڑا۔منگل کی شام تقریباً ساڑھے چھ بجے چیمبور اور بھگتی پارک کے درمیان ایک مونو ریل ٹرین بجلی کی خرابی اور برسات کے باعث اوپر بنے ٹریک پر رُک گئی۔ اس وقت ریل کے اندر سیکڑوں مسافر موجود تھے۔ بجلی بند ہونے سے اے سی اور پنکھے بھی بند ہو گئے، جس کی وجہ سے لوگوں کو گرمی اور گھٹن کا سامنا کرنا پڑا۔مسافروں نے فوری طور پر بی ایم سی کے ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں تین کرین گاڑیوں کے ساتھ موقع پر پہنچیں اور تقریباً تین گھنٹے کی کارروائی کے بعد پانچ سو سے زائد مسافروں کو بحفاظت نیچے اُتارا گیا۔
مہاراشٹر کے نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شنڈے نے بتایا کہ سب مسافروں کو صحیح سلامت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ٹرین میں گنجائش سے زیادہ لوگ سوار تھے، اور بجلی کی فراہمی بند ہونے سے ایمرجنسی بریک ڈاؤن ہوا۔ انھوں نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات ہوں گی تاکہ آئندہ ایسا نہ ہو۔اسی دوران وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس نے یقین دلایا کہ حکومت اور تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، اور مسافروں کی حفاظت پہلی ترجیح ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ گھبرائیں نہیں اور صبر سے کام لیں۔
ایم ایم آر ڈی اے نے اپنے بیان میں کہا کہ “میسور کالونی اسٹیشن” کے قریب مونو ریل بجلی کٹنے کے سبب رُک گئی تھی، اور ہماری ٹیمیں فوری طور پر مرمت کے لیے سرگرم ہو گئیں۔ فی الحال وڈالا اور چیمبور کے درمیان سنگل لائن پر سروس چل رہی ہے، جب کہ جلد ہی مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی۔یاد رہے کہ ممبئی مونو ریل سروس 2014 میں شروع کی گئی تھی۔ اس کا روٹ تقریباً 20 کلومیٹر لمبا ہے جو چیمبور کو سنت گاڈگے مہاراج چوک سے جوڑتا ہے۔ عام طور پر یہ مقامی مسافروں کو وقت کی بچت فراہم کرتی ہے۔ کرایہ 10 روپے سے 40 روپے تک مقرر ہے۔