دہلی-این سی آر میں موسلادھاربارش،کئی علاقے زیرآب،ٹریفک نظام درہم برہم

دہلی-این سی آر سمیت شمالی بھارت میں موسلادھار بارش سے معمولاتِ زندگی متاثر، ٹریفک جام اور پانی بھراؤ کی صورتحال، مزید بارش کی پیش گوئی۔
دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں مون سون پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ روز (22 جولائی) ہونے والی شدید بارش کے بعد آج بھی بارش نے شہری زندگی کو متاثر کیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں، خاص طور پر لٹینز دہلی میں پانی بھر گیا، جہاں جن پتھ روڈ اور جنتَر،منتَر جانے والی سڑکیں زیرِ آب آ گئیں اور متعدد دکانوں میں بھی پانی داخل ہو گیا۔آج صبح بھی دہلی، نوئیڈا اور این سی آر کے کئی حصے موسلادھار بارش کی لپیٹ میں ہیں۔ سڑکوں پر پانی بھرنے کے باعث جگہ جگہ ٹریفک جام لگ گیا، جس سے دفتر جانے والے لوگوں کو خاصی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ البتہ بارش نے گرمی اور آلودگی میں خاصی کمی کی ہے، جو دہلی والوں کے لیے کچھ راحت کا باعث ہے۔موسم کا حال بتانے والے ادارے کا کہنا ہے کہ اگلے کچھ دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، اس لیے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی کے مختلف علاقوں جیسے کرول باغ، سیول لائنس، دلشاد گارڈن، کشمیری گیٹ، شاہدرہ، وکاس مارگ، انڈیا گیٹ، صفدرجنگ، آر کے پورم، لاجپت نگر، ہاؤز خاص، مہروولی اور چتر پور سمیت کئی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش، گرج چمک اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔اسی طرح این سی آر کے علاقوں میں، جیسے غازی آباد، نوئیڈا، فریدآباد، گریٹر نوئیڈا، دادری، اندراپورم، اورنگ آباد، ہوڈل (ہریانہ) اور میرٹھ، شاملی، مظفرنگر، مودی نگر اور پِلکھوا میں بھی طوفانی بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ادھر ممبئی میں بھی بارش کا سلسلہ گزشتہ کئی دنوں سے جاری ہے، جو آج بھی برقرار ہے۔ شمالی بھارت کے کئی پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں کے طغیانی کی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں، جس سے مقامی آبادی کو ہوشیار رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔
