بصرہ،باڑمیر میں عظیم الشان اجتماعی شادی

26 مئی 2025 کو بصرہ (جھڈانیوں کی ڈھانی) میں شہزادۂ غوث جیلانی و نورالعلماء کی سرپرستی میں 16 جوڑوں کا روحانی، سادہ اور اجتماعی نکاح اسلامی تعلیمات کے مطابق انجام پایا۔
بصرہ،باڑمیر(پریس ریلیز)جھڈانیوں کی ڈھانی، بصرہ (آریسر سماج، قادری جیلانی جماعت) میں 26مئی 2025 ء مطابق 27 ذوالقعدہ 1446 ھ بروز دو شنبہ ایک تاریخی، روح پرور اور مثالی اجتماعی شادی و نکاح خوانی کا اہتمام کیا گیا، جس کی روحانی سرپرستی شہزادۂ غوث جیلاں حضرت پیرسد تاج حسین شاہ جیلانی قادری پنجتنی مدظلہ العالی اور سربراہی پیر طریقت، نورالعلماء حضرت علامہ سید نوراللہ شاہ بخاری مہتمم وشیخ الحدیث دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤ شریف نے فرمائی۔ اس موقع پر ایک ساتھ 16 جوڑوں کے نکاح نہایت سادگی، روحانیت اور اسلامی تعلیمات کے عین مطابق پڑھائے گئے۔
اس عظیم الشان پروگرام کا آغاز صبح 8 بجے ہوا۔ نکاح خوانی سے قبل نورالعلماء پیرطریقت حضرت علامہ سید نوراللہ شاہ بخاری نے ایک پُرتاثیر اصلاحی خطاب فرمایا، جس میں آپ نے اس طرح کی اجتماعی شادیوں کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ آپ نے موجودہ سماجی حالات کا ذکر کرتے ہوئے فضول خرچی، نمود و نمائش اور غیر ضروری رسومات سے اجتناب کی تلقین کی، اور والدین کو اپنی اولاد کی دینی تعلیم و تربیت پر خاص توجہ دینے کی نصیحت فرمائی۔ حضرت کا خطاب دلوں کو چھو لینے والا، بصیرت افروز اور انتہائی متوازن تھا، جسے سامعین نے نہایت توجہ و احترام کے ساتھ سنا۔حضرت شاہ بخاری مدظلہ العالی نے خود تمام دولہوں کا نکاح حضرت مولانا محمد یوسف قادری آریسر (خلیفۂ خاص حضرت سید پیر تاج حسین شاہ جیلانی القادری پنجتنی مدظلہ العالی) کی وکالت میں پڑھایا۔ اس موقع پر مولانا علی محمد صاحب آریسر دیراسر اور محمد صدیق آریسر قادری جودھاوا نیڑ نے خصوصی گواہان کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ جملہ حاضرین اس روح پرور لمحے کے شاہد بنے۔
جن گھرانوں کے چشم و چراغ اس اجتماعی نکاح کا حصہ بنے، ان کے اسماء درج ذیل ہیں:
1.ذجارو خان، 2. حاجی صمد خان، 3. چاندا خان، 4. حاجی دوسا خان، 5. مولوی ابراہیم خان، 6. عیسی خان، 7. حاجی عبدالحلیم خان، 8. سرپنچ حاکم خان، 9. شہاب الدین عرف صابو خان، 10. لطیف خان، 11. امیدا خان، 12. حبیب خان، 13. غلام خان، 14. چنا خان، 15. سلیم خان، 16. صدیق خان، 17. غلام خان، 18. صحراب خان۔ 19:حنیف خان- 20: اسحاق خان-
اس پُربرکت موقع پر جن حضرات نے خصوصی شرکت کی، ان میں درج ذیل حضرات کے اسماء قابل ذکر ہیں:
حضرت مولانا بلال احمد قادری، مولانا جمال الدین قادری انواری، حاجی عارف صاحب، حاجی ادریس صدر صاحب، خلیفہ عبدالرحیم قادری بصرہ، عرس خان قادری، سبحان خان قادری، چنیسر خان قادری، سید بچل شاہ قادری (رڑکا، نیڑ)۔
ان کے علاوہ کھاوڑ، کنٹھا نیڑ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے بھی عاشقانِ اہل بیت و قادری مشرب افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور تقریب کو یادگار روحانی رنگ عطا کیا۔
نکاح خوانی کے بعد محفلِ میلاد منعقد ہوئی، جس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہِ اقدس میں ہدیۂ نعت و صلوٰۃ و سلام پیش کیا گیا۔ پروگرام کا اختتام حضرت نورالعلماء کی دعا پر ہوا، جنہوں نے تمام نو جوڑوں کے لیے خیر و برکت، محبت و الفت، دین و دنیا کی کامیابی کی دعا کی۔