اسلام پور میں مغربی بنگال اردو اکیڈمی کی شاندار تقریب

اسلام پور اردو اکیڈمی تقریب، وزیر غلام ربانی و معززین شریک، ریڈنگ روم افتتاح، ڈپلوما آغاز، کتاب تقسیم، اردو فروغ پر زور۔
20 ستمبر 2025ء مغربی بنگال اردو اکیڈمی، اسلام پور، ضلع اتر دیناج پور کی ایک اہم اور پرشکوہ تقریب اکاڈمی کے ہال میں منعقد ہوئی، جس میں ریڈنگ روم کا افتتاح، بنگلہ ڈپلوما کورس کا آغاز اور اردو کتابوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ یہ تقریب علمی و ادبی اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کی سمت ایک نمایاں پیش رفت قرار دی گئی۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے ریاستی وزیر برائے غیر روایتی و قابلِ تجدید ذرائع توانائی جناب محمد غلام ربانی صاحب شریک ہوئے۔ آپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو ہماری تہذیب و ثقافت کی روح ہے اور حکومت اس کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ آپ نے اردو اکیڈمی اسلام پور کی سرگرمیوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہاں سے نئے تعلیمی و ادبی امکانات کے دروازے کھلیں گے۔
آپ کے بعد جناب سید محمد شہاب الدین حیدر، نائب چیئرمین مغربی بنگال اردو اکیڈمی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان نہ صرف ہمارے ماضی کی یادگار ہے، بلکہ مستقبل کے امکانات کی ضامن بھی ہے۔ انہوں نے اردو اکیڈمی اسلام پور شاخ کی سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی کاوشیں ریاست میں اردو کے فروغ کی ایک مثال ہیں۔پروگرام میں شریک دیگر مہمانوں میں عبدالکریم چودھری صاحب ایم ایل اے اسلام پور، کنیہا لال اگروال صاحب (ڈسٹرکٹ چیئرمین ٹی ایم سی، اتر دیناج پور)، حاجی مظفر حسین صاحب کاؤنسلر، محترمہ نزہت زینب صاحبہ، سکریٹری مغربی بنگال اردو اکیڈمی اور دیگر معززین شامل تھے۔ ان معزز شخصیات نے طلبہ و طالبات کے درمیان کتابیں تقسیم کیں اور ان کی تعلیمی حوصلہ افزائی کی۔
پروگرام کے دوران شرکانے بالخصوص ایم آئی ناظم، نوڈل آفیسر مغربی بنگال اردو اکیڈمی، اسلام پور شاخ کی مسلسل جدوجہد کو سراہا۔ کہا گیا کہ وہ دن رات اس شاخ کو بہتر بنانے اور اردو زبان کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ ان کی کوششوں کی بدولت اسلام پور میں اردو اکیڈمی کی پہچان دن بہ دن مستحکم ہو رہی ہے۔تقریب میں مقررین نے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ اردو اور بنگلہ دونوں زبانیں ریاست کی مشترکہ شناخت ہیں اور ان کا فروغ معاشرتی ہم آہنگی اور تعلیمی ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔