خبرنامہ

جلال پور میں دعوتِ اسلامی ہند کا عظیم دستار بندی اجتماع

جلالپور، امبیڈکر نگر(پریس ریلیز)

میں اِس یقین سے آیا ہوں ان کے روضے سے
وہ پھر کہیں گے کہ واپس میرا غلام آئے

قصبہ جلال پور کے قاضی پورہ میں 21 فروری 2025 کو دعوتِ اسلامی ہند کے شعبہ مدرسۃ المدینہ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان دستار بندی اجتماع منعقد ہوا، جس میں قرآنِ کریم حفظ کرنے والے سعادت مند بچوں کو اعزاز و افتخار سے نوازا گیا۔
یہ روح پرور اجتماع تلاوتِ قرآنِ کریم سے آغاز پذیر ہوا، جس کے بعد بارگاہِ الٰہی میں حمد اور رسولِ رحمت ﷺ کی مدح سرائی سے محفل کے نور و سرور میں مزید اضافہ ہوا۔ علماء کرام اور مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے ایمان افروز بیانات سے حاضرین کے دلوں کو منور کیا، جو رات گئے گیارہ بجے تک جاری رہے۔
خصوصی طور پر حضرت علامہ و مولانا حبیب الرحمٰن صاحب نوری پرنسپل دارالعلوم ندائے حق، نے اپنے بصیرت افروز خطاب میں دعوتِ اسلامی کے عظیم کاموں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سامعین کو برائیوں سے بچنے، دوسروں کو راہِ ہدایت پر لانے اور اپنے دلوں میں عشقِ رسول ﷺ کی شمع روشن کرنے کی تلقین فرمائی۔


اجتماع کی ایک اہم اور روح پرور ساعت وہ تھی جب حفاظِ کرام کے سروں پر علم و عظمت کی دستار رکھی گئی اور انہیں اس عظیم کامیابی پر اسناد سے سرفراز کیا گیا۔ اس یادگار موقع پر اعظم گڑھ ڈویژن کے نگران محترم ابو طلحہ عطاری صاحب نے والدین کی عظمت و فضیلت پر مدلل بیان کیا اور حاضرین کو والدین کی خدمت کرنے کی ترغیب دی۔
محفل کی روحانی فضا کو مزید جِلا بخشنے کے لیے جناب محمد عاقب عطاری اور جناب محمد عقیل عطاری نے عشقِ مصطفیٰ ﷺ میں ڈوبے ہوئے نعتیہ کلام پیش کیے، جنہوں نے حاضرین کے قلوب میں سرور کی کیفیت پیدا کردی۔ مدرسۃ المدینہ کے طلبہ نے انگریزی میں نعت شریف اور دیگر دلچسپ و ایمان افروز پروگرام پیش کرکے سامعین کو حیرت و مسرت میں مبتلا کردیا۔
آخر میں حضرت علامہ مولانا حبیب الرحمٰن صاحب کی رقت آمیز دعا کے ساتھ اس مبارک اجتماع کا اختتام ہوا۔ اجتماع میں جید علمائے کرام، مشائخ عظام اور علاقے کے جلیل القدر ائمہ و مبلغین نے شرکت فرما کر محفل کو چار چاند لگا دیے۔ ان ممتاز شخصیات میں حضرت علامہ مفتی عماد الدین صاحب، حضرت حافظ و قاری جسیم الدین صاحب، حضرت مولانا قاری غلام یٰسین صاحب، حضرت حافظ و قاری محمد طیب صاحب اور مدرسۃ المدینہ کے تمام اساتذہ شامل تھے، جن کی موجودگی نے اس روحانی اجتماع کو مزید بابرکت بنا دیا۔
مذکورہ اطلاع دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف کے ناظم تعلیمات ادیب شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی نے پریس ریلیز کے ذریعہ دیا-
یہ اجتماع نہ صرف حفاظِ کرام کے لیے ایک تاریخی لمحہ تھا بلکہ حاضرین کے لیے بھی اپنے ایمان کو تازہ کرنے اور عشقِ مصطفیٰ ﷺ میں سرشار ہونے کا ایک بابرکت موقع ثابت ہوا۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر