جے ڈی وینس کا پہلا بھارت دورہ، وزیراعظم مودی سے ملاقات 21 اپریل کو متوقع

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس 21 اپریل کو وزیراعظم مودی سے ملاقات کریں گے، یہ دورہ باہمی تعلقات کے فروغ اور حالیہ تجارتی اقدامات کے تناظر میں اہم سمجھا جا رہا ہے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس 18 سے 24 اپریل کے درمیان اٹلی اور بھارت کے دورے پر ہیں۔ بھارت کے وزارتِ خارجہ اور وینس کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ اطلاعات کے مطابق یہ ان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ وہ 21 اپریل کو وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے جہاں دونوں رہنما دو طرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور گزشتہ ملاقاتوں میں طے پائے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔
دہلی میں قیام کے دوران نائب صدر وینس کے دیگر سرکاری مصروفیات بھی ہوں گی، جب کہ ان کے لیے آگرہ اور جے پور کے دورے بھی طے ہیں۔ 24 اپریل کو وہ واپس امریکہ روانہ ہوں گے۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کو چھوڑ کر دیگر ممالک کو 90 دن کے لیے تجارتی محصولات میں جزوی رعایت دی ہے۔ انہوں نے ریسیپروکل ٹیرف کو کم کر کے 10 فیصد کر دیا ہے، جس کے باعث وینس کے بھارت دورے کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔