امریکہ میں بوئنگ طیارے کی لینڈنگ کے دوران آگ بھڑک اٹھی

امریکہ کے ڈین ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران بوئنگ طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی، تاہم 179 مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا، ایک شخص معمولی زخمی ہوا۔
امریکہ کے ڈین (DEN) ایئرپورٹ پر ایک بوئنگ طیارے کے انجن میں خرابی کے باعث لینڈنگ کے دوران آگ لگ گئی۔ اس وقت طیارے میں 179 مسافر سوار تھے، جنھیں بعد میں بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ اس واقعے میں ایک مسافر کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔عینی شاہدین کے مطابق لینڈنگ کے فوراً بعد طیارے کے انجن سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا، جس کے بعد ایمرجنسی ایگزٹ کے ذریعے مسافروں کو باہر نکالا گیا۔ سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے، جس میں دکھایا گیا ہے کہ مسافر ایمرجنسی سلائیڈ کے ذریعے طیارے سے باہر نکل رہے ہیں، کچھ والدین اپنے بچوں کو گود میں لے کر باہر آتے نظر آ رہے ہیں۔فی الحال انجن میں آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم حکام نے مکمل تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں اس واقعے کی تصدیق کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ تمام مسافروں کو محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا ہے۔