اٹاوہ: 6 لاکھ کی زمین کے لیے خاتون کا لرزہ خیز قتل

اٹاوہ میں پروپریٹی تنازعہ پر خاتون کو قتل کر کے لاش کو جلا کر ندی میں پھینکنے والے پروپریٹی ڈیلر اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا۔
اتر پردیش کے ضلع اٹاوہ میں جائیداد کے تنازع پر ایک نوجوان خاتون کے اندوہناک قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے اس واردات میں ملوث پراپرٹی ڈیلر شیوینڈر یادو (26) اور اس کے ساتھی گورو (19) کو گرفتار کر لیا ہے، جنھوں نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ملزمان نے 25 سالہ انجلی کو زمین کے کاغذات دینے کے بہانے بلایا، شراب پلائی اور گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔ بعد ازاں اس کی لاش کو جلایا گیا اور دریا میں پھینک دیا گیا۔ انجلی پانچ دن سے لاپتا تھی اور اس کی لاش ہفتے کے روز دریا کے کنارے بری حالت میں ملی۔
پولیس کے مطابق شیوینڈر یادو نے لاش دکھانے کے لیے اپنے والد اور بیوی کو ویڈیو کال بھی کی تھی۔ مقتولہ کی بہن کرن کا کہنا ہے کہ ملزم نے انجلی سے زمین کے عوض 6 لاکھ روپے لیے تھے، اور بعد میں اسے دھوکے سے بلا کر قتل کر دیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات انجلی کا جلا ہوا اسکوٹر ملنے کے بعد شروع کی تھیں۔