امریکہ کی تجارتی جنگ میں شدت،ٹرمپ کایورپی یونین اورایپل پرنیا دباؤ

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کی تمام درآمدی اشیا پر 50 فیصد ٹیرف اور امریکہ میں نہ بننے والے آئی فونز پر 25 فیصد ٹیکس لگانے کا عندیہ دیا ہے، جس کا اطلاق یکم جون سے متوقع ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین سے درآمد ہونے والی تمام اشیاء پر 50 فیصد درآمدی محصولات عائد کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے، جس کا اطلاق ممکنہ طور پر یکم جون سے ہوگا۔اپنے حالیہ سوشل میڈیا پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، تاہم نئی درآمدی شرح کی تیاری مکمل ہے۔ اس تجویز کو ماہرین امریکہ اور یورپ کے درمیان جاری تجارتی کشیدگی میں نئے موڑ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
ابتدائی طور پر صدر ٹرمپ نے یورپی مصنوعات پر 20 فیصد ٹیرف لگانے کی بات کی تھی، مگر بات چیت کو وقت دینے کے لیے اس میں نرمی کرتے ہوئے اسے عارضی طور پر 10 فیصد تک محدود رکھا گیا، جس کی مدت 8 جولائی تک مقرر کی گئی تھی۔ٹرمپ نے یہ بھی واضح کیا کہ ایپل کے آئی فونز، جو اس وقت امریکہ میں تیار نہیں ہو رہے، ان پر بھی سخت درآمدی ٹیکس عائد کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایپل نے امریکہ میں مینوفیکچرنگ نہ کی تو کمپنی کو ان مصنوعات پر کم از کم 25 فیصد ٹیرف دینا پڑے گا۔صدر ٹرمپ نے بتایا کہ وہ ایپل کے سی ای او، ٹم کک، کو پہلے ہی اس توقع سے آگاہ کر چکے ہیں کہ آئی فونز مستقبل میں امریکہ میں ہی تیار کیے جائیں۔