خبرنامہ

دعوتِ اسلامی کی جانب سے مستحقین میں راشن کٹ کی تقسیم

دعوتِ اسلامی کی فلاحی اور تعلیمی خدمات کا ایک اور درخشاں باب

اعظم گڑھ/ مبارکپور (پریس ریلیز)

رمضان المبارک کی برکتوں اور رحمتوں سے ہر کوئی فیض یاب ہونا چاہتا ہے، مگر کئی ضرورت مند افراد ایسے بھی ہوتے ہیں جو بنیادی ضروریات کو پورا کرنے سے قاصر ہوتے ہیں۔ اسی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے عالمی غیرسیاسی دینی و اصلاحی تحریک دعوتِ اسلامی کی جانب سے اعظم گڑھ شہر و ریشم نگری قصبہ مبارکپور میں مستحق خاندانوں میں راشن کٹس تقسیم کی گئیں، تاکہ وہ بھی اس مقدس مہینے میں سحری و افطاری کی برکتوں سے مستفید ہو سکیں۔

اس موقع پر مدرسة المدینہ فیضان صدیق اکبر، اعظم گڑھ کے پرنسپل معروف عالمِ دین حضرت مولانا اقبال حسین صاحب مصباحی نے کہا کہ “دعوتِ اسلامی، جو دینِ اسلام کی عالمگیر تبلیغی و اصلاحی تحریک ہے، صرف دینی تعلیم و تبلیغ تک محدود نہیں بلکہ خدمتِ خلق کے میدان میں بھی اپنی نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔ اس کے تحت نہ صرف دنیا کے مختلف ممالک میں غرباء اور مساکین کی مدد کی جاتی ہے بلکہ تعلیم و تربیت اور معاشرتی اصلاح کے لیے بھی کئی نمایاں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔”

فلاحی سرگرمیوں میں دعوتِ اسلامی کا نمایاں کردار:

دعوتِ اسلامی کا فلاحی شعبہ GNRF یعنی “غریب نواز ریلیف فاؤنڈیشن” دنیا کے مختلف ممالک میں ضرورت مندوں کی مدد میں پیش پیش ہے۔ چاہے قدرتی آفات کے دوران امدادی کارروائیاں ہوں، یتیموں اور بیواؤں کی کفالت ہو، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہو یا تعلیمی معاونت، دعوتِ اسلامی ہر میدان میں اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔

اسی تسلسل میں اعظم گڑھ و مبارکپور میں مقامی ذمہ داران اور اہلِ خیر حضرات کے تعاون سے سینکڑوں مستحق خاندانوں میں راشن کٹس تقسیم کی گئیں۔ ان راشن کٹس میں آٹا، چاول، دالیں،کھجور، چینی، گھی اور دیگر بنیادی ضروریات شامل تھیں، تاکہ ضرورت مند افراد رمضان المبارک میں کسی مشکل کا شکار نہ ہوں۔

دعوتِ اسلامی کے تحت تعلیمی خدمات:

دعوتِ اسلامی صرف فلاحی کاموں تک محدود نہیں بلکہ دینی اور عصری تعلیم کے فروغ میں بھی غیرمعمولی کردار ادا کر رہی ہے۔ دنیا کے کئی ممالک میں دعوتِ اسلامی کے تحت سینکڑوں جامعات المدینہ اور مدارس المدینہ قائم ہیں، جہاں ہزاروں طلبہ دینی علوم حاصل کر رہے ہیں۔

جامعات المدینہ میں اسلامی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تحقیقی اور تعلیمی نصاب پڑھایا جاتا ہے، تاکہ طلبہ دینی علوم میں مہارت حاصل کر سکیں جب کہ مدارس المدینہ میں ہزاروں بچے قرآن پاک حفظ و ناظرہ کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔
اور عصری علوم کے فروغ کے لیے دعوتِ اسلامی مختلف تعلیمی اداروں کے ذریعے معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے، تاکہ نوجوان نسل دینی اور دنیاوی دونوں علوم سے آراستہ ہو سکے۔

یہی وجہ ہے کہ آج دعوتِ اسلامی کے فارغ التحصیل طلبہ نہ صرف مساجد و مدارس میں خدمات انجام دے رہے ہیں بلکہ کئی اہم علمی و تحقیقی اداروں میں بھی نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

عوام کا جوش و خروش اور مثبت تاثرات:

راشن کی تقسیم کے موقع پر موجود مستحقین نے خوشی اور دعاؤں کے ساتھ دعوتِ اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔ ایک ضعیف العمر شخص نے کہا:

“رمضان میں جب مہنگائی عروج پر ہے، ایسے میں دعوتِ اسلامی کا یہ اقدام ہمارے لیے کسی رحمت سے کم نہیں۔ اللہ تعالیٰ اس تحریک کو مزید برکت عطا فرمائے!”

اہلِ خیر سے تعاون کی اپیل:

دعوتِ اسلامی کی یہ تمام دینی، تعلیمی اور فلاحی سرگرمیاں اہلِ خیر کے تعاون سے ہی ممکن ہو رہی ہیں۔ اگر آپ بھی غرباء، مساکین، طلبہ، یتیموں اور بیواؤں کی مدد میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں تو دعوتِ اسلامی کے “غریب نواز ریلیف فاؤنڈیشن ” کے ذریعے عطیات دے سکتے ہیں۔

یاد رکھیے! آپ کی چھوٹی سی مدد کسی یتیم کے لیے تعلیم کا ذریعہ بن سکتی ہے، کسی غریب کی سحری و افطاری کا سامان بن سکتی ہے، اور بھوکے کے لیے کھانا اور کسی پیاسے کے لیے پانی کا انتظام کر سکتی ہے۔

اللہ پاک ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں سے مستفید و مستفیض ہونے اور زیادہ سے زیادہ نیکی کے کاموں میں حصہ لینے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر