ڈپٹی وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری کا اعلان:15اگست سے پہلے ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع ہوگا

ڈپٹی وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری نے کہا ہے کہ نتیش کمار کی جانب سے اعلان کردہ 430 ترقیاتی منصوبوں پر کام جون کے پہلے ہفتے سے 15 اگست تک شروع ہو جائے گا، تمام رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔
بہار کے ڈپٹی وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی “پراگتی یاترا” کے دوران جن 430 منصوبوں کا اعلان کیا گیا تھا، ان پر جون کے پہلے ہفتے سے 15 اگست کے درمیان کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ ان منصوبوں کی مجموعی لاگت تقریباً 50 ہزار کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔یہ بات انھوں نے بدھ کے روز ایک جائزہ اجلاس کے دوران کہی، جو سکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران سمیت تمام کمشنرز اور ضلع مجسٹریٹس نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں منصوبہ و ترقیاتی محکمہ نے اسکیموں کی موجودہ صورتحال سے متعلق تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔
ڈپٹی وزیراعلیٰ نے بتایا کہ زیادہ تر منصوبوں کی ٹینڈرنگ مکمل ہو چکی ہے اور کئی کے ورک آرڈرز بھی جاری ہو چکے ہیں۔ البتہ کچھ اسکیموں میں زمین کے حصول کی رکاوٹ کے باعث عمل سست ہے۔ انھوں نے متعلقہ محکموں اور ضلعی افسران کو ہدایت دی کہ زمین سے متعلق تمام مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔انھوں نے مزید کہا کہ تمام محکمے یہ اطلاع فراہم کریں کہ 15 جون سے پہلے کتنے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جا سکتا ہے۔ سمراٹ چودھری نے زور دے کر کہا کہ ان منصوبوں کی بروقت شروعات نہایت اہم ہے کیوں کہ یہ عوامی مفاد سے وابستہ ہیں اور حکومت کو اپنے وعدوں پر عمل درآمد ہر صورت میں یقینی بنانا ہے۔