خبرنامہ

شعبہ اردو اور آئی کیو اے سی کی پہلی عید ملن مشاعرہ تقریب

شعبۂ اردو کلکتہ گرلس کالج اور IQAC کے زیرِ اہتمام عید ملن مشاعرہ 2026 کا شاندار انعقاد کلکتہ گرلس کالج کے ہال میں عمل میں آیا، جس نے شہرِ نشاط کی علمی، ادبی اور تہذیبی فضا کو ایک بار پھر اردو کی خوشبو سے معطر کر دیا۔ تقریب میں شہر کی ممتاز علمی و ادبی شخصیات، اساتذۂ کرام، طالبات اور ادب نواز سامعین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


عید ملن مشاعرے کی صدارت معروف ادیبہ و شاعرہ پروفیسر زرینہ زریں(صدر شعبہ اردو ،کلکتہ یونیورسٹی) نے فرمائی، صدرِ مشاعرہ پروفیسر زرینہ زریں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اردو زبان محض ایک زبان نہیں بلکہ برصغیر کی مشترکہ تہذیب، محبت اور گنگا جمنی روایت کی نمائندہ ہے۔ انہوں نے شعبۂ اردو کی اس کامیاب کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوع کے پروگرام نئی نسل کو اردو ادب سے قریب لانے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔ خیر مقدمی کلمات پیش کرتے ہوئے کالج کی پرنسپل ڈاکٹر ستیہ اپادھیائے نے مہمانان شعرا اور سامعین کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ایسے ادبی و تہذیبی پروگرام تعلیمی اداروں میں زبان و ادب کے فروغ کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں پروفیسر مویتری بھٹاچاریہ (ممبر، گورننگ باڈی، کلکتہ گرلس کالج) اور ڈاکٹر پریم کمار گھوش (کوارڈینیٹر، IQAC) شامل تھے، جنہوں نے اپنے تاثرات میں شعبۂ اردو کی اس ادبی کاوش کو سراہتے ہوئے اسے اردو تہذیب کے فروغ کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
مشاعرے کی نظامت کے فرائض نہایت خوش اسلوبی سے ڈاکٹر نعیم انیس، ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبۂ اردو، کلکتہ گرلس کالج نے انجام دیے۔ ان کی برجستہ نظامت، شعرا کے تعارف اور ادبی لطافتوں سے بھرپور جملوں نے محفل کو مزید دلکش بنا دیا۔


مشاعرے میں جن ممتاز شعرا نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا ان میں فیروز اختر، ابھیگیا ن سنگھ، مرشد عالم مرشد، رونق افروز، ارشاد مظہری، ارشاد آرزو، نسیم فائق، ذیشان مرزا، نجف مرشد آبادی، ڈاکٹر احمد معراج، شہناز رحمت، فرزانہ پروین، بشریٰ سحر، دانش حسین دانش، شکیل ریشراوی اور اقبال عادل کے نام شامل ہیں۔ مدعو شعرا نے غزل، نظم اور عید کے تہذیبی و سماجی پہلوؤں پر مشتمل اپنے منتخب کلام پیش کر کے سامعین سے خوب داد وصول کی۔اس موقع پر شہرِ نشاط کی ممتاز علمی و ادبی شخصیات کی موجودگی نے تقریب کی وقعت میں مزید اضافہ کیا، جن میں ڈاکٹر نوشاد عالم (ممبر گورننگ باڈی، مغربی بنگال اردو اکیڈمی)، ڈاکٹر جاوید اختر (لٹریری سیکریٹری، دی مسلم انسٹی ٹیوٹ)، جناب اختر حسین (صدر بزم ادب کولکاتہ و معروف صحافی)، خورشید اختر فرازی، شمیم عالم صدیقی (ممبر مجلس انتظامیہ، دی مسلم انسٹی ٹیوٹ) اور محقق و صحافی شکیل افروز شامل تھے۔


تقریب کے اختتام پر تمام مہمان شعرا اور سامعین و سامعات کا شکریہ ادا کیا گیا۔ یہ عید ملن مشاعرہ ادبی معیار، تنظیمی حسن اور شاندار شرکت کے اعتبار سے ایک یادگار تقریب ثابت ہوا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔.
مدعو شعرا کے منتخب کلام ملاحظہ کیجیے
میرے حصے میں تو دو گز ہی زمیں آئی ہے
آسماں! میں تجھے حجرے میں نہیں رکھ سکتا
ارشاد آرزو
نہ زہر دےگا نہ گردن میری اتارے گا
ہے ایک وعدہ مجھے پیاس دے کے مارےگا
رونق افروز
ہم کو جن کے دل کا رستہ بند ملا
ہم نے اُن کے گھر کا رستہ چھوڑا ہے۔
ڈاکٹر ابھگیت
آپ عالم، آپ عاقل، آپ دانش مند ہیں
آپ اشکوں سے لکھی تحریر پڑھ پائیں گے کیا
فرزانہ پروین
​گیا وہ دور لیلیٰ اور مجنوں
یہاں سب تاجرانہ ہو گیا ہے
–شکیل رشڑوی
عشق کو چاہیے نظر ایسی
حسن چلمن سے بھی دکھائی دے
احمد معراج
نخرے دکھاؤ، بات کرو، یا رہو خموش
تم عشق ہو اور عشق کو ہیں سارے اختیار
دانش حسین دانؔش
نہ زہر دےگا نہ گردن میری اتارے گا
ہے ایک وعدہ مجھے پیاس دے کے مارےگا
رونق افروز
​گیا وہ دور لیلیٰ اور مجنوں
یہاں سب تاجرانہ ہو گیا ہے
شکیل رشڑوی
جہاں ٹوٹے ہوئے دل جوڑے جائیں
اک ایسا کارخانہ چاہیے تھا
ذیشان میرزا
انگینت شاگرد کے استاد ہوجاؤ تو کیا
تم نہیں استاد ہوسکتے مگر استاد کے
نجفؔ مرشدآبادی
رات بھر چاند نے آنگن میں اجالا رکھا
جیسے امید نے ہر دل میں سہارا رکھا
محمد اقبال عادل
مجھے تو موت نے آ کر جگا دیا مرشد
وگرنہ ہر کوئی مصروف اپنے خواب
میں ہے
مرشد عالم مرشد
پہلے رستہ مرتا ہے پھر امیدیں
اور پھر اک دن مر جاتے ہیں ہم دونوں
ارشاد مظہری
رقص جاری ہے تجلّی کا جہاں
ہاں وہ محفل تو مرا دل ٹھہرا
پروفیسر زرینہ زریں
ہلالِ عید
لڑکھڑا جائیں نہ تیرے پاؤں اپنے بام پر
کیا اکیلے دیکھنا میری نگہبانی میں دیکھ
سب کی آنکھیں ڈھونڈتی ہیں آسماں کے تھال میں
تو ہلالِ عید میری آنکھ کے پانی میں دیکھ
نسیم فائق
کچھ ایسے حادثے بھی زندگی میں پیش آتے
کہ انسان بچ تو جاتا ہے پر زندہ نہی رہتا
بشریٰ سحر
ہم بھی تو زلیخہ ہیں لیکن دلِ یوسف پر
جذبات میں بہہ بہہ کر کب توڑے ستم ہم نے
شہناز رحمت

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر