یوپی میں ایس آئی آر دباؤ سے اموات، اکھلیش کا سخت ردعمل
یوپی میں ایس آئی آر ڈیوٹی کے دباؤ سے دو اہلکاروں کی اموات، اکھیلیش نے انتخابی عمل میں ملازمین کی تحفظ اور مدد کا مطالبہ کیا۔
اتر پردیش میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے کام میں مصروف ملازمین کی اموات کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ منگل کے روز دو مزید اہلکاروں کے انتقال کی خبریں سامنے آئیں، جس کے بعد ریاست میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ اسی پس منظر میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیرِاعلیٰ اَکھلیش یادو نے ہفتے کے روز ایک پریس کانفرنس میں اس معاملے پر سخت مؤقف اختیار کیا۔اکھلیش یادو نے بتایا کہ وہ گزشتہ رات فتح پور کے اس اہلکار کے خاندان سے ملنے گئے تھے جس نے ایس آئی آر ڈیوٹی کے دوران اپنی جان گنوائی۔ سابق وزیرِاعلیٰ کے مطابق اہلکار کے اہلِ خانہ نے الزام لگایا کہ حکومتی سطح پر بہت زیادہ دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ تمام مراحل جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔ یادو نے کہا کہ خاندان کے مطابق یہی شدید دباؤ اہلکار کی موت کا بنیادی سبب بنا۔
انہوں نے مزید کہا کہ “ایسی عجلت کی آخر ضرورت کیا ہے؟ مغربی بنگال سے بھی یہی آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ انتخابی عمل کے دوران ملازمین پر حد سے زیادہ بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ اگر اس پورے عمل کے دوران الیکشن کمیشن کے کارکن ہی جان سے ہاتھ دھونے لگیں تو ذمہ داری کون لے گا؟ الیکشن کمیشن کو آگے بڑھ کر ان خاندانوں کی مدد کرنا ہوگی۔”فتح پور ضلع میں تعینات لیکھ پال سدھیر کمار کوڑی کی موت نے پورے معاملے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق کوڑی نے اپنی شادی سے صرف ایک دن قبل زندگی کا خاتمہ کر لیا، جس نے اہلِ خانہ اور ساتھی کارکنوں کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ بھی ایس آئی آر کے سخت اور مسلسل دباؤ کا شکار تھے۔
ریاست بھر میں سرکاری ملازمین کی وفات یا ذہنی دباؤ کی خبریں آنے کے بعد یہ سوال شدت سے اٹھ رہا ہے کہ انتخابی تیاریوں کے نام پر ملازمین کی زندگیوں کو کیوں خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔ مزدور یونینیں اور سرکاری ملازمین کی تنظیمیں بارہا اس بات پر زور دیتی آئی ہیں کہ اس طرح کے کاموں میں مناسب آرام، معاون عملہ اور باقاعدہ حفاظتی انتظامات ضروری ہوتے ہیں، ورنہ اس کے نتائج انسانی جانوں کی صورت میں سامنے آ سکتے ہیں۔
اہم نوٹ ۔ذہنی صحت سے متعلق
اگر آپ یا کوئی جاننے والا ذہنی دباؤ، بے چینی یا خود کو نقصان پہنچانے جیسے خیالات کا سامنا کر رہا ہے تو فوراً پیشہ ور مدد حاصل کریں۔ علاج اور سپورٹ دستیاب ہے۔
رابطہ نمبر (ہیلپ لائنز
وزارتِ سماجی انصاف و اختیارات ہیلپ لائن: 1800-599-0019
انسٹیٹیوٹ آف ہیومن بیہیویئر اینڈ الائیڈ سائنسز: 9868396824, 9868396841, 011-22574820
ہِت گُج ہیلپ لائن، ممبئی: 022-24131212
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ اینڈ نیورو سائنسز (NIMHANS): 080-26995000





