دار العلوم طیبیہ معینیہ منڈواڈیہ بنارس میں درجہ فضیلت کا آغاز

دار العلوم طیبیہ معینیہ بنارس میں درجہ فضیلت (دورہ حدیث) کا آغاز کیا گیا ہے، جہاں ماہر اساتذہ کی نگرانی میں طلبہ کو معیاری تعلیم دی جائے گی اور فضیلت کے طلبہ کو ماہانہ اسکالرشپ بھی فراہم کی جائے گی۔
برادرانِ اسلام و ہمدرد دانِ قوم و ملت کو یہ جان کر بڑی خوشی ہوگی کہ سرزمین بنارس کا مشہور و معیاری تعلیمی ادارہ’’ دار العلوم طیبیہ معینیہ‘‘ درگاہ شریف منڈواڈیہ بنارس(یوپی) میں اب درجہ فضیلت(دورہ حدیث)کی بھی تعلیم کا انتظام کیا گیا ہے جس کے لیے کئی ماہر اور تجربہ کار اساتذہ کا انتخاب کیا گیا ہے ،چناں چہ درس بخاری (شیخ الحدیث) کے لیے مشہور درسی عالم اور نامور محقق ؛ علامہ محمد عارف اللّٰہ فیضی مصباحی( سابق نائب پرنسپل مدرسہ عربیہ فیض العلوم محمد آباد گوہنہ ضلع مئو,یوپی) کی تقرری عمل میں آ چکی ہے جب کہ مولانا سید فاروق عالم رضوی مصباحی ( سابق استاذ و مفتی: دار العلوم غوثیہ بجرڈیہہ بنارس) دو سال قبل ہی سے دار العلوم طیبیہ میں درس و تدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ ان کے علاوہ دیگر باصلاحیت اور مخلص اساتذہ کی ایک عمدہ ٹیم موجود ہے جس کی نگرانی میں طلبہ تعلیم و تربیت سے آراستہ ہو رہے ہیں ۔فی الحال دار العلوم طیبیہ میں مقامی و بیرونی طلبہ مختلف جماعتوں میں دو سو کی تعداد میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ طلبہ کی عمدہ تعلیم و تربیت اور ان کے بہترین قیام و طعام کا انتظام ہے ۔ یہاں پہلے سے شعبۂ حفظ ، شعبۂ قراءت ، شعبۂ مولویت ، شعبۂ عالمیت ، شعبۂ کمپیوٹر اور شعبۂ افتا ہیں اور اب آئندہ سال سے شعبۂ فضیلت کا بھی اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ساثھ ہی طلبہ کو مضمون نگاری کی تربیت بھی دی جائے گی۔

خانقاہ رشیدیہ کے تمام تعلیمی اداروں کے نگراں؛ ڈاکٹر محمد فیض ارشد رشیدی ( دہلی) نے دار العلوم کے اساتذہ کی میٹنگ میں نیز دارالعلوم طیبیہ معینیہ کے بانی اور خانقاہ رشیدیہ جون پور کے گیارہویں سجادہ نشیں ؛ مجمع البحرین مفتی شاہ محمد عبید الرحمٰن رشیدی رحمۃ اللّٰہ علیہ کے پہلے سالانہ عرس مبارک ( منعقدہ 11 رمضان المبارک 1446ھ / 12 مارچ 2025ء) کے موقع پر اپنے صدارتی خطبے میں بیان کیا کہ دار العلوم طیبیہ معینیہ کے طلبہ درجۂ فضیلت کو ماہانہ معقول وظیفہ( Scholarship) بھی دیا جائے گا تاکہ وہ اپنے تعلیمی اخراجات اور مالی پریشانیوں سے فری ہو کر یکسوئی کے ساتھ پڑھائی کر سکیں اور کیریئر کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کریں اور ان کی اچھی تعلیم اور بہتر مستقبل کے لیے جو بھی اہم ضروریات اور سہولیات درکار ہوں گی ،انھیں ہر ممکن طور پر پوری کرنے کی ہم کوشش کریں گے۔