دارالعلوم اسحاقیہ جودھپور: سالانہ جلسہ اختتام پذیر

دارالعلوم اسحاقیہ جودھپور کا سالانہ جلسہ دستار بندی و ختم بخاری شریف تزک و احتشام کے ساتھ اختتام پذیر
راجستھان کی مرکزی دینی درسگاہ دارالعلوم اسحاقیہ جودھپور کا سالانہ عظیم الشان اجلاس بنام”جلسہ دستار بندی و ختم بخاری شریف” 17 شعبان المعظم 1446ھ بمطابق 16 فروری 2025ء بروز اتوار، نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔ یہ دینی، علمی و روحانی محفل جانشین مفتیٔ اعظم راجستھان، قائد دین و ملت حضرت علامہ مفتی شیر محمد خان صاحب قبلہ رضوی شیخ الحدیث و صدرالمدرسین، دارالعلوم اسحاقیہ کی سرپرستی میں سجائی گئی، جس میں ملک بھر سے جید علمائے کرام، مشائخ عظام اور عوامِ اہلِ سنت کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔
اس بابرکت موقع پر شہزادۂ نعیم الاولیا حضرت علامہ سید کلیم اشرف اشرفی الجیلانی، شہزادۂ کلیم الاولیا حضرت سید کاشف اشرف اشرفی الجیلانی، حضرت سید محی الدین اشرف اشرفی الجیلانی، حضرت مولانا سید محمد نورمیاں اشرفی جیلانی، خطیب دوراں حضرت علامہ سعید اختر بھوچپوری، حضرت مولانا حافظ و قاری محمد ہاشمی کاشی پوری، فاضلِ اسحاقیہ حضرت مولانا عبیداللہ حیدری اشفاقی، حضرت مولانا حافظ اکبر صاحب رضوی مع وفد سنی تبلیغی جماعت باسنی، حضرت مولانا حافظ سعید اشرفی اشفاقی شیخ الحدیث، فیضانِ اشرف باسنی، حضرت مولانا ابوبکر صاحب اشرفی، حضرت مولانا محمد حنیف خان صاحب رضوی شیرانی آباد،حضرت مولانا محمدشمیم احمد صاحب نوری مصباحی سہلاؤ شریف ،حضرت مولانا محمد رمضان اشفاقی الور، حضرت مولانا محمد عارف اشفاقی نوح ہریانہ، حضرت قاری محمد مظفر بانسواڑہ، حضرت قاری محمد آفتاب گوٹن، حضرت مولانا عبد المصطفیٰ جیسلمیر مع وفد سکندری جماعت اور حضرت قاری غلام مصطفیٰ اشرفی ہنومان گڑھ سمیت دیگر کئی مقتدر علمائے کرام و مشائخ عظام نے خصوصی شرکت فرمائی۔

راجستھان، گجرات، یوپی، ایم پی، ہریانہ اور ملک کے مختلف خطوں سے فضلائےاسحاقیہ ودیگر معزز علمائے کرام اور عوامِ اہلِ سنت اس عظیم الشان اجلاس کا حصہ بنے۔
اجلاس کا آغاز نمازِ ظہر کے بعد دارالعلوم سے متصل زندہ شاہ مسجد میں “محفلِ ختم بخاری شریف” سے ہوا۔ تلاوتِ قرآن پاک کے بعد دارالعلوم کے ہونہار طلبہ نے عشقِ رسول میں سرشار نعت و منقبت پیش کرنے کے ساتھ عربی، اردو اور فارسی میں شاندار علمی و فکری تقاریر بھی پیش کیں۔
بعد ازاں حضرت مولانا محمد ہاشمی کاشی پوری اور حضرت علامہ عبیداللہ حیدری اشفاقی نے محبتِ رسول ﷺ اور اس کے تقاضے اور دارالعلوم اسحاقیہ کی دینی و تعلیمی خدمات جیسے اہم موضوعات پر ولولہ انگیز خطابات کیے، جن سے سامعین پر روحانی کیفیت طاری ہوگئی اور نعرۂ تکبیر و رسالت سے فضا گونج اٹھی۔
جانشین مفتیٔ اعظم راجستھان حضرت علامہ مفتی شیر محمد خان رضوی نے فضیلتِ حدیث اور شانِ امام بخاری پر بصیرت افروز خطاب فرمایا اور طلبۂ دورہ حدیث کو صحیح بخاری کی آخری حدیث پڑھا کر اجازتِ حدیث سے سرفراز فرمایا۔ دعا و صلاۃ و سلام کے ساتھ یہ بابرکت محفل اختتام پذیر ہوئی۔
بعد نماز عشاء دارالعلوم کے صدر گیٹ کے سامنے عظیم الشان دستار بندی کی روح پرور محفل منعقد ہوئی، جس کا آغاز تلاوتِ قرآن و نعتِ رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ دارالعلوم کے ہونہار طلبہ نے اپنی علمی و خطیبانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
خطیب اہلِ سنت حضرت علامہ سید محمد نور میاں اشرفی نے اپنے خطاب میں علم و علما اور مدارسِ اسلامیہ کی اہمیت و فضیلت کو اجاگر کیا، جبکہ جشن کے خصوصی مقرر علامہ سعید اختر مرادآبادی نے انتہائی شاندار، مدلل اور فکر انگیز خطاب فرمایا، جس کے دوران کئی ساداتِ کرام و علمائے کرام بالخصوص سید محمد کلیم اشرف اشرفی الجیلانی اور سید محمد کاشف اشرف اشرفی الجیلانی کی آمد پر سامعین نے پرجوش استقبال کیا۔
اس پُرنور تقریب میں 10 علمائے کرام و فضلا، 4 حفاظ اور 10 قرّا کی علمائے کرام ومشائخ ذوی الاحترام کے مبارک ہاتھوں سے دستار بندی کی گئی، آخر میں ساداتِ کرام کی رقت انگیز دعا کے ساتھ یہ پرکیف اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔
اختتامی کلمات میں جانشین مفتیٔ اعظم راجستھان حضرت علامہ مفتی شیر محمد خان صاحب قبلہ رضوی نے جلسہ دستار بندی و ختم بخاری شریف کی کامیاب تقریبات میں شرکت کرنے والے تمام علمائے کرام، مشائخ عظام، عوامِ اہلِ سنت اور انتظامیہ کمیٹی کے تمام افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس دینی و علمی پروگرام کو شایانِ شان بنانے میں ہر ممکن کردار ادا کیا۔
رپورٹ:مہرالدین قادری اشفاقی
دارالعلوم اسحاقیہ جودھپور، (راجستھان)