دہلی میں شراب پینے کی عمر کم کرنے پر غور

دہلی حکومت شراب کی قانونی عمر 25 سے کم کر کے 21 سال کرنے پر غور کر رہی ہے، حتمی فیصلہ باقی ہے۔
دہلی حکومت شراب اور بیئر خریدنے کی قانونی عمر میں نرمی لانے پر غور کر رہی ہے۔ موجودہ قانون کے تحت دہلی میں شراب پینے کی کم از کم عمر 25 سال ہے، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اسے گھٹا کر 21 سال کرنے پر سنجیدگی سے سوچ بچار کر رہی ہے۔اگر یہ فیصلہ نافذ ہوتا ہے تو دہلی کے 21 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد قانونی طور پر شراب یا بیئر خرید سکیں گے۔ یہ تجویز اس لیے بھی سامنے آئی ہے کیونکہ دہلی سے ملحقہ شہروں جیسے فرید آباد، غازی آباد، نوئیڈا اور گڑگاؤں میں پہلے سے ہی شراب نوشی کی عمر 21 سال ہے، جس کی وجہ سے دہلی کے نوجوان ان شہروں کا رخ کرتے ہیں۔ اس فرق کے باعث دہلی میں غیر قانونی فروخت، اسمگلنگ اور ٹیکس چوری جیسے مسائل بڑھ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت کا ماننا ہے کہ عمر میں نرمی سے نہ صرف قانون کی خلاف ورزی میں کمی آئے گی بلکہ محصول میں بھی اضافہ ممکن ہوگا۔مزید یہ کہ دہلی میں شراب کی فروخت کے لیے “ہائبرڈ ماڈل” پر بھی غور ہو رہا ہے۔ اس ماڈل کے تحت سرکاری دکانوں کے ساتھ ساتھ نجی کاروباری اداروں کو بھی فروخت کی اجازت دی جائے گی۔ فی الحال صرف چار سرکاری کارپوریشنز یہ ذمہ داری نبھا رہی ہیں۔علاوہ ازیں، رہائشی علاقوں میں قائم شراب کی دکانوں کو کم کرنے اور انہیں مالز یا کمرشل کمپلیکس میں منتقل کرنے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں تاکہ عوامی شکایات کم ہوں۔یاد رہے کہ 2021 میں دہلی میں نئی شراب پالیسی نافذ کی گئی تھی، جسے بعد میں تنازعات کے باعث واپس لے لیا گیا تھا۔ اب نئی پالیسی کی تیاری دوبارہ کی جا رہی ہے، اور جلد باضابطہ اعلان متوقع ہے۔