خبرنامہ

کٹھوعہ میں بادل پھٹنے سے چار ہلاک، کئی لاپتا

جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں شدید بارشوں کے دوران بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں چار افراد کی موت کی اطلاع ہے جب کہ کئی لوگ تاحال لاپتا ہیں۔ یہ حادثہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب راج باغ علاقے کے جوڑ گھاٹی گاؤں میں پیش آیا۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور ریاستی آفاتِ سماوی سے نمٹنے والے دستے (ایس ڈی آر ایف) نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ مقامی رضاکار بھی اس کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔ حکام کے مطابق اب تک چار افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ چھ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔علاقے کے کئی دوسرے دیہات بھی شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کٹھوعہ تھانہ حدود کے بگڑ اور چنگڑا گاؤں کے ساتھ ساتھ لکن پور تھانہ علاقے کے دلواں اور ہٹلی دیہات میں بھی مٹی کے تودے گرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ خوش قسمتی سے وہاں بڑے پیمانے پر جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے، تاہم سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے اور کئی مقامات پر آمدورفت معطل ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق دریائے اُجھ میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گئی ہے، جس کے باعث نزدیکی بستیوں کو متنبہ کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریا اور جھیلوں کے کناروں کے قریب جانے سے گریز کریں کیونکہ مزید بارش کی صورت میں صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔
یاد رہے کہ چند دن قبل ہی جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں بھی اسی نوعیت کا سانحہ رونما ہوا تھا۔ وہاں بادل پھٹنے کے باعث ساٹھ افراد کی جان گئی تھی اور متعدد ابھی تک لاپتا ہیں۔ اس علاقے میں بھی راحت و بچاؤ کا کام جاری ہے اور این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف کے علاوہ فوج کی کئی ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور متاثرین کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔مسلسل بارشوں کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں بادل پھٹنے اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ قدرتی آفات موسمیاتی تغیر اور غیر معمولی بارشوں کا نتیجہ ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی ٹیموں کو تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی نئے واقعے کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر