کلاس روم میں سویا بچہ، جالی میں پھنسا

کٹیہار کے ایک اسکول میں اساتذہ کی لاپرواہی سے کلاس میں سویا ہوا بچہ بند ہو گیا اور کھڑکی کی جالی میں پھنس گیا، جسے مقامی لوگوں نے کئی گھنٹے بعد نکالا۔
بہار کے کٹیہار ضلع کے تاج گنج فاسیا علاقے میں واقع ایک سرکاری پرائمری اسکول میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، پڑھائی کے دوران ایک بچہ کلاس میں سو گیا تھا، جسے اسکول کے ہیڈ ماسٹر، اساتذہ اور دیگر عملے نے دیکھے بغیر اسکول میں تالا لگا کر واپس چلے گئے۔جب بچے کی آنکھ کھلی تو وہ خود کو بند کلاس روم میں اکیلا پا کر گھبرا گیا۔ بچہ چیختا رہا اور باہر نکلنے کی کوشش میں کھڑکی کی لوہے کی جالی میں پھنس گیا، جہاں وہ کئی گھنٹے تک پھنسا رہا۔
یہ واقعہ کٹیہار نگر نگم کے تحت آنے والے پرائمری اسکول تاج گنج فاسیا میں پیش آیا۔ روزانہ کی طرح بچے اسکول آئے تھے، لیکن دورانِ کلاس کچھ بچے سو گئے تھے۔ اسکول کے ہیڈ ماسٹر چھوٹو اور دیگر عملے نے یہ جانچ کیے بغیر اسکول بند کر دیا کہ سب بچے باہر آ چکے ہیں یا نہیں۔جب وہ بچہ شام تک گھر واپس نہیں پہنچا، تو اس کے اہل خانہ پریشان ہو گئے اور تلاش شروع کر دی۔ جب وہ اسکول پہنچے تو بچے کی چیخنے کی آوازیں سنائی دیں۔ مقامی لوگ بھی وہاں جمع ہو گئے اور اسکول کا تالا توڑ کر اندر گئے۔ سب اس وقت حیران رہ گئے جب دیکھا کہ بچہ کھڑکی کی جالی میں پھنسا ہوا ہے۔مقامی لوگوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کو باہر نکالا۔ اس واقعے کے بعد والدین اور علاقے کے لوگوں میں شدید غصہ پایا جا رہا ہے۔ انھوں نے متعلقہ تعلیمی حکام سے اسکول کے ہیڈ ماسٹر، اساتذہ اور عملے کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔