نائٹ کلب میں قیامت خیز آگ! 51 افراد ہلاک،اے ڈی این کا شو ماتم میں بدل گیا

شمالی مقدونیہ کے کوسوانی میں ایک نائٹ کلب میں ADN کے لائیو شو کے دوران خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس میں 51 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، آگ کا سبب پائرو ٹیکنک ایفیکٹس کو قرار دیا جا رہا ہے۔
شمالی مقدونیہ کے شہر کوسانی میں اتوار کی صبح ایک معروف نائٹ کلب میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس میں کم از کم 51 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔ یہ نائٹ کلب دارالحکومت اسکوپیہ سے تقریباً 100 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے، جہاں مشہور ہپ ہاپ جوڑی ADN لائیو پرفارم کر رہی تھی۔ ان کے شو کو دیکھنے کے لیے تقریباً 1500 افراد موجود تھے کہ اچانک آتش بازی کے دوران چنگاریاں نکلیں اور آگ نے پورے کلب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 50 سے زائد افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم حکام نے تاحال اموات کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں کی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، یہ آگ ممکنہ طور پر شو کے دوران استعمال کی جانے والی آتش بازی (پائرو ٹیکنک ایفیکٹس) کے باعث بھڑکی، جس نے چند لمحوں میں کلب کے اندر تباہی مچا دی۔ رپورٹس کے مطابق آگ ADN کے لائیو شو کے دوران رات تقریباً 2 بجے لگی، جب اسٹیج سے چنگاریاں نکلیں اور چھت میں آگ بھڑک اٹھی، جو دیکھتے ہی دیکھتے پورے کلب میں پھیل گئی۔