بہار: خواتین، صحافیوں اور بزرگوں کے لیے خوشخبری

انتخابی سال میں نتیش حکومت نے آشا کارکنان، خواتین، بزرگوں، معذوروں اور صحافیوں کے لیے اعزازیہ، پنشن اور بجلی جیسے کئی فلاحی اعلانات کیے ہیں۔
پٹنہ، بہار۔بہار میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی حکومت نے خواتین کو ایک اور بڑا تحفہ دیا ہے۔ حکومت نے ریاست میں کام کرنے والی آشا کارکنان کا ماہانہ اعزازیہ بڑھا کر 1000 روپے سے 3000 روپے کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ، ہر ڈیلیوری پر ملنے والی رقم کو بھی 300 روپے سے بڑھا کر 600 روپے کر دیا گیا ہے۔ آشا کارکنان کافی عرصے سے اس اضافے کا مطالبہ کر رہی تھیں۔انتخابی سال میں نتیش حکومت کی جانب سے یہ ایک اور اہم اعلان ہے۔ اس سے قبل حکومت نے خواتین کو سرکاری نوکریوں میں 33 فیصد ریزرویشن دینے کا اعلان کیا تھا۔ اسی کے ساتھ بوڑھی بیوہ خواتین اور معذور افراد کی سماجی تحفظ پنشن بھی بڑھا دی گئی ہے، جو اب 400 روپے سے بڑھا کر 1100 روپے ماہانہ کر دی گئی ہےاور اس کا اطلاق جون سے ہو چکا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے 17 جولائی کو ریاست کے بجلی صارفین کے لیے 125 یونٹ مفت بجلی دینے کا اعلان بھی کیا تھا، جب کہ 16 جولائی کو محکمہ تعلیم نے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی تقرریوں کا اعلان کیا اور ٹی آر ای-4 امتحان کے انعقاد کا حکم جاری کیا تھا۔اسی سلسلے میں صحافیوں کے لیے بھی ایک بڑا اعلان سامنے آیا ہے، جس کے تحت اب “بہار صحافی اعزاز پنشن اسکیم” کے تحت دی جانے والی رقم 6000 روپے سے بڑھا کر 15000 روپے ماہانہ کر دی گئی ہے۔یہ تمام فیصلے حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی حمایت حاصل کرنے کی سمت ایک بڑا قدم سمجھے جا رہے ہیں۔