بہار:36 لاکھ ووٹر اپنے پتے پر موجود نہیں،الیکشن کمیشن کا انکشاف

الیکشن کمیشن کے مطابق بہار میں 90 فیصد ووٹرز نے فارم جمع کروائے، جب کہ 36 لاکھ سے زائد ووٹر اپنے پتے پر نہیں ملے اور حتمی فہرست 30 ستمبر کو جاری ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے جمعے کو بتایا کہ اسے ایس آئی آر (Special Intensive Revision) کے تحت 90.12 فیصد ووٹروں کے فارم موصول ہو چکے ہیں۔ کمیشن کے مطابق، تقریباً 36 لاکھ ووٹر اپنے درج شدہ پتے پر موجود نہیں پائے گئے۔یہ عمل 24 جون کو شروع کیا گیا تھا، جب الیکشن کمیشن نے ہدایت دی تھی کہ 25 جولائی سے پہلے بہار کے تمام 7 کروڑ 80 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز کو اپنا “انو مر یشن فارم” جمع کروانا ہوگا۔
کمیشن نے بتایا کہ اب تک 7 کروڑ 11 لاکھ فارم جمع ہو چکے ہیں۔ تاہم، 36 لاکھ 86 ہزار ووٹر اپنے گھروں پر نہیں ملے اور تقریباً 7 ہزار ووٹروں سے متعلق کوئی بھی معلومات دستیاب نہیں ہو سکی ہیں۔اس عمل کے خلاف آر جے ڈی (راشٹریہ جنتا دل) سمیت بہار کی کئی اپوزیشن جماعتیں احتجاج کر رہی ہیں اور کمیشن کے فیصلے پر سوال اٹھا رہی ہیں۔کمیشن کے مطابق، ووٹر لسٹ کا عبوری مسودہ یکم اگست کو جاری کیا جائے گا، جب کہ حتمی فہرست 30 ستمبر کو شائع کی جائے گی۔یاد رہے کہ بہار میں سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات متوقع ہیں، جس کے پیشِ نظر ووٹر لسٹ کو تازہ کرنے کا یہ قدم اٹھایا جا رہا ہے۔