بارہ بنکی:مندرمیں کرنٹ لگنے سے بھگدڑ، دو افراد کی موت، متعدد زخمی

اتر پردیش کے بارہ بنکی میں شیومندر میں کرنٹ لگنے سے بھگدڑ مچ گئی، جس میں دو افراد کی موت اور متعدد زخمی ہو گئے۔
اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شیومندر میں کرنٹ لگنے کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔ اس حادثے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ضلع کے چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) ڈاکٹر اویدھیش یادو نے دو ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ ادھر، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئےمرنے والے افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کے فوری علاج کی ہدایت دی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) ششَانک تریپاٹھی کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب عقیدت مند “اوسانیشور مہادیو” مندر میں پوجا کے لیے جمع تھے۔ مندر کے احاطے میں ایک پرانا برگد کا درخت ہے جس پر کئی بندر رہتے ہیں۔ ایک بندر کے بجلی کے تار پر کودنے سے تار ٹوٹ گیا، جس کی وجہ سے شَیڈ میں کرنٹ پھیل گیا اور وہاں موجود افراد کو جھٹکا لگا۔ڈی ایم نے مزید بتایا کہ دو افراد کی حالت نازک ہے جنھیں ضلع اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ دیگر زخمیوں کا علاج مقامی سی ایچ سی ہیڈرگڑھ اور تریویدی گنج میں کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کُل 19 افراد کو طبی امداد کے لیے لایا گیا، جن میں سے صرف دو کی حالت تشویشناک ہے، باقی سب معمولی زخمی ہیں۔ایک عینی شاہد کے مطابق حادثہ بجلی کے تار کے ٹوٹنے سے پیش آیا۔ اس نے بتایا کہ اس کا بھتیجا بھی زخمی ہوا ہے۔یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب “ساون” کے تیسرے سوموار کو عقیدت مند بڑی تعداد میں پوجا کے لیے مندر پہنچے تھے۔