پہلگام میں حملہ: ایک سیاح جاں بحق، متعدد زخمی، سیکیورٹی سخت

پہلگام، جموں و کشمیر میں جنگجوؤں کے حملے میں ایک سیاح جاں بحق اور آٹھ زخمی، سیکیورٹی سخت، سیاسی و عسکری قیادت کی شدید مذمت اور فوری کارروائی کی ہدایت۔
نئی دہلی:جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے پہاڑی علاقے پہلگام میں پیر کے روز جنگجوؤں کی فائرنگ سے ایک سیاح جان سے گیا جب کہ کم از کم آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ حملے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔مقامی پولیس نے واقعے کے بعد ایک ہیلپ لائن نمبر جاری کیا تاکہ سیاحوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، اور دیگر سیاسی رہنماؤں بشمول راہل گاندھی نے اس واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ملک کو اس قسم کے حملوں کے خلاف متحد ہو کر سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ذرائع کے مطابق، حملے میں جاں بحق ہونے والے کی شناخت کرناٹک کے رہائشی منجوناتھ کے طور پر ہوئی ہے، جو اپنے اہل خانہ کے ساتھ سیاحت پر آئے تھے۔ زخمی ہونے والوں میں مختلف ریاستوں کے شہری شامل ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ امت شاہ نے واقعے کے بعد اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی جس میں سیکیورٹی اور خفیہ اداروں کے سینئر حکام شریک ہوئے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اس واقعے پر تشویش کا اظہار کیا اور فوری اقدامات کی ہدایت دی۔پہلگام میں فی الوقت سیاحوں کی نقل و حرکت پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے اور علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ جنگجوؤں کی تلاش جاری ہے۔
