خبرنامہ

امریکہ کا ایچ ون بی ویزا مہنگا، بھارت میں سیاسی طوفان

امریکہ کی جانب سے ایچ ون بی (H-1B) ویزا کی فیس میں غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اب اس ویزا کے لیے درخواست دینے پر ایک لاکھ ڈالر یعنی تقریباً 88 لاکھ روپے سالانہ دینا ہوں گے۔ اس فیصلے نے بھارت میں نہ صرف سیاسی حلقوں میں بلکہ عام نوجوانوں اور پیشہ ور طبقے میں بھی تشویش پیدا کر دی ہے، کیوں کہ بڑی تعداد میں بھارتی انجینئرز، آئی ٹی ماہرین اور پروفیشنلز ہر سال اس ویزا کے ذریعے امریکہ جا کر کام کرتے ہیں۔اس فیصلے پر کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس کے رہنما اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ “میں ایک بار پھر دہراتا ہوں کہ بھارت کے وزیر اعظم کمزور ہیں۔” ان کے مطابق حکومت کو چاہیے تھا کہ اس معاملے پر مؤثر طریقے سے آواز اٹھاتی تاکہ بھارت کے ہونہار نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔
اسی طرح کانگریس کے ایک اور رہنما اور لوک سبھا میں ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی نے بھی سخت ردعمل دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی “اسٹریٹجک خاموشی” اور صرف دکھاوا کرنے کی عادت بھارت اور اس کے شہریوں کے قومی مفاد کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی حکومت کے اس اقدام نے بھارت کے باصلاحیت اور ذہین افراد کے خوابوں کو براہ راست متاثر کیا ہے۔ گوگوئی نے ماضی کی ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ “مجھے وہ دن یاد ہے جب امریکہ میں ایک بھارتی خاتون آئی ایف ایس افسر کی بے عزتی کی گئی تھی، اُس وقت سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے نہایت جرات مندانہ اقدامات اٹھائے تھے۔”دوسری جانب حکمران جماعت بی جے پی نے معاملے پر اپنا موقف دیا ہے۔ پارٹی کے رہنما بورا نرسیا گوڑ نے نیوز ایجنسی اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “صدر ٹرمپ اور ان کا یہ فیصلہ امریکی معیشت کو بھارت کی معیشت سے زیادہ نقصان پہنچائے گا۔” ان کے مطابق امریکہ کی کمپنیوں کو بھارتی ماہرین کی ضرورت ہے اور اس طرح کی پابندیاں دراصل امریکی اداروں اور ان کی ترقی پر بوجھ ڈالیں گی۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے باقاعدہ طور پر اس حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد نئی فیس فوری طور پر نافذ ہو گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد لاکھوں بھارتی طلبہ اور ماہرین کے لیے امریکہ میں ملازمت کے مواقع مزید مشکل اور مہنگے ہو جائیں گے۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر