درجنوں ممالک پر امریکہ کے دروازے بند کرنے کی تیاری

ٹرمپ انتظامیہ درجنوں ممالک کے شہریوں کے داخلے پر پابندی لگانے کی تیاری کر رہی ہے۔ ایران، پاکستان، افغانستان اور شمالی کوریا سمیت 41 ممالک فہرست میں شامل۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ درجنوں ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کرنے پر غور کر رہی ہے۔ روئٹرز نے ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے بتایا، جو اس معاملے سے باخبر ہیں، کہ اس بارے میں ایک میمو تیار کیا گیا ہے جس میں 41 ممالک کے نام شامل ہیں۔ ان ممالک کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلی فہرست میں افغانستان، ایران، شام، کیوبا اور شمالی کوریا سمیت 10 ممالک شامل ہیں، جن کے شہریوں کے ویزے کے اجرا پر مکمل پابندی لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔ دوسری فہرست میں اریٹیریا، ہیٹی، لاؤس، میانمار اور جنوبی سوڈان جیسے ممالک شامل ہیں، جن پر جزوی سفری پابندی عائد ہوگی، جس سے سیاحتی، اسٹوڈنٹ اور دیگر ویزوں پر اثر پڑے گا۔ تیسری کیٹیگری میں پاکستان، ترکمانستان اور بیلاروس سمیت 26 ممالک شامل ہیں، جن کی حکومتوں کو امریکہ کی جانب سے نشاندہی کی گئی خامیوں کو دور کرنے کے لیے 60 دن کا وقت دیا جائے گا، بصورت دیگر ان ممالک کے شہریوں پر جزوی پابندی عائد کر دی جائے گی۔ ایک امریکی اہلکار کے مطابق یہ فہرست ابھی حتمی نہیں اور اس کی باضابطہ منظوری نہیں دی گئی۔ خیال رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 20 جنوری کو ایک ایگزیکٹیو آرڈر کے ذریعے قومی سلامتی کے پیش نظر امریکہ میں داخلے کے خواہشمند غیر ملکیوں کی سکیورٹی جانچ سخت کرنے کی ہدایت کی تھی اور کابینہ کو 21 مارچ تک ان ممالک کی فہرست پیش کرنے کا حکم دیا تھا جن پر سفری پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔