خانقاہ عالیہ بخاریہ سہلاؤ شریف میں سادگی اور برکت سے بھرپور نکاح کی روحانی تقریب

پیرطریقت حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی کے شہزادگان کی شادی: سادگی اور برکت کی اعلیٰ مثال
سہلاؤشریف،باڑمیر (پریس ریلیز)
الحمدللہ ثم الحمدللہ! خانقاہ عالیہ بخاریہ، پیر جو کوٹ، سہلاؤ شریف میں 24 شعبان المعظم 1446ھ /23فروری 2025 عیسوی بروزاتوار اتوار بعد نماز ظہر ایک عظیم الشان دینی و روحانی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جہاں صاحب سجادہ نورالعلماء پیر طریقت حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی، ان کے برادر کبیر حضرت پیر سید ابراہیم شاہ بخاری، برادر نسبتی حضرت سید غلام محمد شاہ بخاری،سید اسماعیل شاہ بخاری،سید جمن علی شاہ بخاری، قاری ارباب علی قادری انواری، اور قاری اسلام الدین صاحب قادری کے شہزادگان کی نکاح خوانی انتہائی سادگی اور روحانی وقار کے ساتھ بحسن و خوبی انجام پائی۔
سادگی اور روحانیت کا حسین امتزاج: ایک یادگار تقریب:
یہ تقریب بعد نماز ظہر خانقاہ شریف کے مبارک عبادت خانے میں حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی کی زیر قیادت منعقد ہوئی۔ مجلس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف کے فاضل اور خوش الحان نعت خواں حضرت مولانا رحمت اللہ صاحب انواری نے بارگاہِ رسالت مآبﷺ میں عقیدت کے نذرانے پیش کیے۔
اس موقع پر سنی تبلیغی جماعت باسنی کے جنرل سیکریٹری اور مبلغ دین و سنیت، عالم باعمل حضرت علامہ و مولانا حافظ وقاری اللہ بخش صاحب قبلہ اشرفی، صدر المدرسین مدرسہ غوثیہ کلا جماعت خانہ باسنی نے نکاح کی اہمیت و فضیلت پر بصیرت افروز خطاب فرمایا۔ آپ نے سادگی سے نکاح کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے فرمایا کہ “جس قدر نکاح سادگی اور کم خرچ کے ساتھ انجام پائے، اسی قدر وہ زیادہ بابرکت ہوتا ہے چنانچہ حضرت قبلہ پیر صاحب نے اس سنتِ نبوی کو اپناتے ہوئے اپنے مریدین ومتوسلین اور جملہ مسلم برادری کو ایک عملی پیغام دیا کہ فضول رسم و رواج سے اجتناب کر کے برکتوں سے بھرپور زندگی کا آغاز کرنا ہی حقیقی کامیابی ہے”۔
اپنے خطاب کے دوران حضرت مولانا حافظ اللہ بخش صاحب قبلہ اشرفی نے غیر ضروری اور غیر شرعی رسوم و رواج سے اجتناب پر زور دیا اور بالخصوص نماز پنجگانہ کی ادائیگی کی سخت تاکید کی۔ آپ نے فرمایا کہ نکاح صرف دو افراد کے درمیان بندھن ہی نہیں بلکہ دو خاندانوں اور معاشرے کی اصلاح و فلاح کا ذریعہ ہے۔
خطاب کے بعد نکاح خوانی کا آغاز ہوا، جس میں حضرت مولانا حافظ اللہ بخش صاحب اشرفی نے یکے بعد دیگرے آٹھ دولہوں کے نکاح ، بشمول شہزادہ نورالعلماء حضرت پیر سید مہر علی شاہ بخاری، ایجاب و قبول کے ساتھ مکمل کیے۔ اس مبارک لمحے پر فضا درود و سلام اور تہنیتی و مبارکبادی کے کلمات سے گونج اٹھی۔ نکاح کے بعد حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی نے خصوصی دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ ان نکاحوں کو خیر و برکت، رحمت اور دائمی مسرت کا ذریعہ بنائے۔
اس پرمسرت موقع پر حاضرین کے درمیان شیرینی تقسیم کی گئی اور نکاح کی بابرکت محفل انتہائی روحانی ماحول میں اپنے اختتام کو پہنچی۔ یہ سادگی، محبت، اور برکت سے بھرپور تقریب ہمارے معاشرے کے لیے ایک عملی مثال بن گئی کہ نکاح کو غیر ضروری اخراجات اور رسوم و رواج سے پاک رکھتے ہوئے حقیقی اسلامی تعلیمات کے مطابق انجام دیا جائے۔
اللہ تعالیٰ ان مبارک نکاحوں کو قائم و دائم رکھے اور سبھی دولہوں و دلہنوں کو خوشحال زندگی عطا فرمائے، آمین ثم آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ۔
اس مبارک موقع پر بہت سارے علماء ومشائخ، معززین، اور مریدین ومتوسلین معتقدین نے نورالعلماء پیرطریقت حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی کو بالمشافہ، اور سوشل میڈیا کے مختلف ذرائع (ٹیلیفون، واٹس ایپ، وغیرہ کے ذریعہ) سے سادگی کے ساتھ شادی ونکاح خوانی کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ان کے شہزادگان کی بہتر خوشحال زندگی کی دعاؤں سے نوازا۔