دہلی شدید آلودگی کی لپیٹ میں، گریپ اسٹیج فور نافذ
دہلی میں شدید دھند اور خطرناک آلودگی، اے کیو آئی 500 کے قریب، گریپ اسٹیج فور نافذ، ٹریفک اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر۔
بھارت کی راجدھانی دہلی اتوار کی صبح شدید دھند اور آلودگی کی موٹی تہہ میں لپٹی ہوئی نظر آئی، جس کے باعث عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے کئی علاقوں میں ہوا کے معیار کی سطح، یعنی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی)، انتہائی خطرناک حد تک پہنچ گئی اور بعض مقامات پر یہ 500 کے قریب ریکارڈ کی گئی۔ماہرین کے مطابق 401 سے 500 کے درمیان اے کیو آئی کو ’انتہائی سنگین‘ یا ’شدید‘ زمرے میں شمار کیا جاتا ہے، جو صحت کے لیے نہایت مضر ہے۔ دہلی کے مشرقی علاقے آنند وہار میں صورتحال سب سے زیادہ خراب رہی، جہاں اے کیو آئی 491 تک جا پہنچا۔ اس درجے کی آلودگی میں سانس کے مریضوں، بزرگوں اور بچوں کے لیے گھروں سے باہر نکلنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
ہوا کے معیار میں مسلسل بگاڑ کے پیش نظر ہفتے کے روز دہلی۔این سی آر میں گریڈیڈ ریسپانس ایکشن پلان (GRAP) کے مرحلہ چہارم یعنی اسٹیج۔4 کو نافذ کر دیا گیا ہے۔ یہ مرحلہ اس وقت لاگو کیا جاتا ہے جب آلودگی انتہائی خطرناک سطح اختیار کر لے اور فوری سخت اقدامات کی ضرورت ہو۔گریپ اسٹیج۔4 کے تحت دہلی میں تمام غیر ضروری ٹرکوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تاہم ضروری اشیا لے جانے والے ٹرک اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ اس کے علاوہ ایل این جی، سی این جی، الیکٹرک اور بی ایس۔6 ڈیزل گاڑیوں کو دہلی میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔ ڈیزل سے چلنے والی بی ایس۔4 میڈیم اور ہیوی گڈز وہیکلز کو بھی صرف مخصوص اوقات میں اور صرف ضروری سامان کی ترسیل کے لیے شہر میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔
اس کے ساتھ ساتھ بی ایس۔3 اور اس سے کم معیار کی دہلی سے باہر رجسٹرڈ گاڑیوں کے دہلی میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ گریپ اسٹیج۔3 کے تحت پہلے ہی تمام قسم کے تعمیراتی اور مرمتی کام روک دیے گئے تھے، جو اس مرحلے میں بھی برقرار رہیں گے۔تعلیمی اداروں کے حوالے سے بھی ریاستی حکومت کو اختیارات دیے گئے ہیں کہ وہ کلاس چھ سے نو اور کلاس گیارہ کے طلبہ کے لیے اسکول بند کرنے اور آن لائن کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ گریپ۔3 کے ضوابط کے مطابق کلاس پانچ تک کے بچوں کے لیے بھی اسکول بند کرنے اور آن لائن تعلیم کا بندوبست کیا جا سکتا ہے۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، ماسک کا استعمال کریں اور صحت سے متعلق ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ آلودگی کے مضر اثرات سے خود کو محفوظ رکھا جا سکے۔





