اسمرتی مندھانا نے شادی ٹوٹنے پر خاموشی توڑ کر بیان
اسمرتی ماندھانا نے پلاش مچھل سے شادی ٹوٹنے کی تصدیق کی، افواہیں ختم کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ توجہ کرکٹ پر رہے گی۔
بھارتی کرکٹر اسمرتی مندھانا نے آخرکار پہلی مرتبہ کھل کر گفتگو کرتے ہوئے اس خاموشی کو توڑ دیا ہے جو گزشتہ چند ہفتوں سے ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیوں کا باعث بن رہی تھی۔ ان کی اور موسیقار پلاش مچھل کے درمیان ہونے والی شادی کے اچانک ملتوی ہونے کے بعد سوشل میڈیا اور میڈیا میں طرح طرح کی باتیں گردش کر رہی تھیں۔ اب اسمرتی نے خود وضاحت کرتے ہوئے اس تمام بحث کو خاموش کرانے کی کوشش کی ہے۔یاد رہے کہ اسمرتی اور پلاش کی شادی 23 نومبر کو طے تھی اور دونوں خاندان اس تقریب کی تیاریاں مکمل کر چکے تھے۔ تاہم اسی دن اچانک اعلان سامنے آیا کہ شادی فی الحال نہیں ہو رہی۔ وجہ سامنے نہ آنے کے باعث چہ مگوئیاں تیز ہو گئی تھیں۔
اسی پس منظر میں اسمرتی ماندھانا نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک تفصیلی نوٹ شیئر کیا جس میں انہوں نے تمام افواہوں پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے کچھ ہفتے ان کے لیے ذہنی طور پر چیلنجنگ ثابت ہوئے کیونکہ لوگ ان کی نجی زندگی کے بارے میں فرضی کہانیاں پھیلا رہے تھے۔ انہوں نے لکھا کہ وہ فطرتاً ایک پرائیویٹ اور کم گو شخص ہیں اور ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو محدود رکھنا چاہتی ہیں، لیکن موجودہ حالات نے انہیں مجبور کیا کہ سچائی سب کے سامنے لا دی جائے۔

انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پلاش مچھل کے ساتھ ان کی شادی اب ختم ہو چکی ہے اور یہ رشتہ آگے نہیں بڑھایا جا سکے گا۔ سمرتی نے تمام لوگوں سے درخواست کی کہ اس موضوع پر مزید بات نہ کی جائے اور معاملے کو یوں ہی ختم کر دیا جائے کیونکہ دونوں خاندانوں کو سکون اور وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ عوام ان کے اور پلاش دونوں کے لیے احترام کا مظاہرہ کریں اور ان کے اہل خانہ کی پرائیویسی کا پاس رکھیں۔اپنے پیغام کے آخر میں ا سمرتی نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے اس مرحلے میں ان کا سب سے بڑا مقصد ہمیشہ کی طرح بھارت کی نمائندگی کرنا، ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھانا اور جیت دلانا ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی توجہ کرکٹ پر مرکوز رہے اور ذاتی مسائل کو کھیل کے درمیان حائل نہ ہونے دیں۔ ان کے مطابق، یہ مشکل وقت بھی گزر جائے گا اور وہ اپنے ملک کے لیے بھرپور جذبے کے ساتھ کھیلتی رہیں گی۔






