خبرنامہ

بہار انتخاب 2025: پرشانت کشور کی ناکامی اور جن سوراج کا زوال

بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے نتائج نے جہاں این ڈی اے کو تاریخی کامیابی دلائی، وہیں سیاسی حکمتِ عملی کے ماہر سمجھے جانے والے پرشانت کشور کے لیے یہ الیکشن شدید مایوسی لے کر آیا۔ ملک کی کئی ریاستوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کو کامیابی دلانے والے پی کے اپنے ہی صوبے میں پہلی بار میدان میں اترے تو ان کی ساری حکمتِ عملی، زمینی تیاریاں، سوشل کیمپین اور تیز حملوں پر مبنی بیانیہ سب بے اثر ثابت ہوا۔پرشانت کشور نے انتخابات سے پہلے بڑے طمطراق کے ساتھ اپنی تنظیم جن سوراج کو سیاسی پارٹی میں تبدیل کیا تھا۔ مہینوں کی پیدل یاترا، دیہاتوں میں ڈیرے، نوجوانوں سے براہِ راست بات چیت اور بڑے دعوےسب کچھ انہوں نے اس انداز میں پیش کیا کہ گویا بہار کی سیاست میں کوئی بڑی تبدیلی آنے والی ہے۔ مگر نتیجہ یہ نکلا کہ جن سوراج ایک بھی نشست جیت نہ سکی۔ کئی حلقوں میں تو ان کے امیدواروں کی ضمانت تک ضبط ہو گئی، جس سے پارٹی کی زمینی کمزوری پوری طرح سامنے آ گئی۔
خود پرشانت کشور نے انتخابی مہم کے دوران بارہا کہا تھا کہ ان کی پارٹی ’’یا تو عرش پر ہوگی یا فرش پر‘‘۔ بدقسمتی سے یہ دوسرا امکان درست ثابت ہوا اور جن سوراج بالکل ’’فرش‘‘ پر رہی۔ انہوں نے یہ پیش گوئی بھی کی تھی کہ نتیش کمار کی جماعت جے ڈی یو 25 سے زیادہ نشستیں نہیں جیت سکے گی، لیکن نتائج نے ان کے اندازوں کو غلط ثابت کر دیا۔47سالہ پرشانت کشور نے تقریباً ایک سال قبل ریاست بھر میں طویل پیدل یاترا کے بعد اپنی پارٹی کا باضابطہ آغاز کیا تھا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ یہ عوامی رابطہ اور گاؤں گاؤں تک رسائی انہیں مضبوط سیاسی بنیاد فراہم کرے گی، مگر نتائج نے اس سوچ کی نفی کر دی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پی کے کی پیش گوئیاں لوک سبھا انتخابات میں بھی غلط ثابت ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ بی جے پی 300 سے زیادہ سیٹیں لے گی جب کہ ایسا نہیں ہوا۔ اس ناکامی کے باوجود وہ یہ مؤقف رکھتے ہیں کہ بھارت جیسے ملک میں جہاں بڑی آبادی روزگار اور بنیادی ضروریات کے لیے جدوجہد کرتی ہے، وہاں اپوزیشن کے لیے ہمیشہ گنجائش موجود رہتی ہے۔انتخابی نتائج نے یہ تو واضح کر دیا کہ پرشانت کشور کے لیے بہار کی سیاست میں جگہ بنانا آسان نہیں، لیکن ان کے سیاسی مستقبل کے بارے میں حتمی فیصلہ ابھی باقی ہے۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر