جئے پور اسکول میں نو سالہ بچی کی پرُاسرار موت، تحقیقات شروع
جئے پور اسکول میں نو سالہ بچی چوتھی منزل سے گری، موت واقع، پولیس تفتیش جاری، اسکول انتظامیہ کی خاموشی سوالیہ۔
راجستھان کے دارالحکومت جئے پور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک بڑے نجی تعلیمی ادارے کی چوتھی جماعت کی نو سالہ طالبہ امایرا پراسرار حالات میں اسکول کی چوتھی منزل سے گر کر جاں بحق ہو گئی۔ امایرا اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھی، اور اس حادثے کے بعد پورے شہر میں صدمے کی فضا ہے۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے باوجود اسکول انتظامیہ کی مسلسل خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، اسکول کے عملے نے واقعے کے بعد فوراً اس مقام کی صفائی کر دی جہاں بچی گری تھی، یہاں تک کہ خون کے نشانات تک دھو دیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسپتال سے اطلاع ملنے کے فوراً بعد جب افسران اسکول پہنچے تو وہاں صفائی ہو چکی تھی، جس سے تفتیش میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔
ابتدائی تحقیقات اور پولیس کا موقف
منصورور تھانے کے انچارج لکھن کھٹانہ کے مطابق، سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچی کو ریَلنگ پر چڑھ کر کودتے ہوئے دیکھا گیا ہے، جبکہ قریب موجود دوسرے بچے عام انداز میں کھیلتے یا چلتے دکھائی دے رہے ہیں۔ پولیس نے ابتدائی طور پر اسے خودکشی کا معاملہ قرار دیا ہے، تاہم بچی کے والدین نے اسے مشکوک موت بتاتے ہوئے اسکول انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔ والدین کا مطالبہ ہے کہ اس بات کی گہرائی سے تفتیش کی جائے کہ ایک نو سالہ بچی نے اسکول میں اتنا خطرناک قدم کیوں اٹھایا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے یہ ظاہر ہو کہ کسی نے امایرا کو دھکا دیا ہو، تاہم معاملہ تحقیقات کے دائرے میں ہے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے فارنزک ماہرین کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
تحقیقات میں اسکول کی عدم تعاون
ریاستی وزیرِ تعلیم مدن دلاؤر نے اس واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایک تحقیقی کمیٹی قائم کر دی ہے اور کہا ہے کہ اصل حقائق مکمل رپورٹ کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ اسکول میں سیکیورٹی کے مناسب انتظامات نہیں تھے۔ ان کی ہدایت پر محکمۂ تعلیم کی چھ رکنی ٹیم اسکول پہنچی، مگر حیران کن طور پر ٹیم کو ڈیڑھ گھنٹے تک باہر انتظار کرنا پڑا۔ضلع تعلیم افسر رام نیواس شرما نے میڈیا کو بتایا کہ “نہ تو پرنسپل اور نہ ہی اسکول کا کوئی نمائندہ ہم سے ملا۔ گیٹ اندر سے بند تھا، اور بار بار دستک دینے پر بھی کوئی جواب نہیں ملا۔” ان کا کہنا ہے کہ محکمہ اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کرنے پر غور کر رہا ہے۔
واقعے کی تفصیلات
ابتدائی رپورٹ کے مطابق، امایرا ہفتے کی دوپہر بارہ بجے کے قریب واش روم گئی، اور وہاں سے چوتھی منزل پر جا پہنچی۔ چند لمحوں بعد وہ ریَلنگ سے نیچے گری۔ اس کا کلاس روم گراؤنڈ فلور پر تھا اور وہ چوتھی جماعت کی طالبہ تھی۔ اسکول انتظامیہ نے فوری طور پر اسے اسپتال منتقل کیا، مگر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔یہ افسوسناک سانحہ ریاست کے تعلیمی نظام، اسکولوں کی حفاظتی تدابیر اور طلبہ کی ذہنی صحت کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھا رہا ہے۔ وزیرِ تعلیم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر اسکول انتظامیہ قصوروار پائی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔
مدد کے ذرائع (Helpline)
اگر آپ یا آپ کا کوئی جاننے والا ذہنی دباؤ یا خودکشی کے خیالات کا شکار ہے تو فوراً مدد حاصل کریں:
واندریوالا فاؤنڈیشن برائے ذہنی صحت: 9999666555
یا ای میل: help@vandrevalafoundation.com
TISS iCall: 022-25521111 پیر سے ہفتہ، صبح 8 بجے تا رات 10 بجے
زندگی قیمتی ہے۔ مدد کے لیے اپنے قریبی ذہنی صحت کے ماہر سے ضرور رجوع کریں۔





