پرشانت کشور کی اپیل، این ڈی اے اور مہا گٹھ بندھن کو ہرائیں
پرشانت کشور نے بہار میں ووٹروں سے این ڈی اے اور مہا گٹھ بندھن کو مسترد کر کے نیا متبادل چننے کی اپیل کی۔
بہار اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران جن سوراج پارٹی کے بانی پرشانت کشور نے مشرقی چمپارن کے دھاکہ حلقے میں ووٹروں سے خطاب کرتے ہوئے این ڈی اے اور مہا گٹھ بندھن، دونوں اتحادوں کو شکست دینے کی اپیل کی۔انہوں نے عوام سے کہا کہ اب بہار میں ایک نیا متبادل موجود ہے، لہٰذا لوگوں کو اب ’’لالو یادو کے خوف‘‘ سے مودی یا نتیش کمار کو ووٹ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ پرشانت کشور نے کہا، ’’آپ کو مودی کے خوف سے لالو یادو کے لیے موم بتی یا کیروسین تیل بننے کی کوئی ضرورت نہیں۔‘‘
اپنی تقریر میں انہوں نے سیاسی جماعتوں پر الزام لگایا کہ وہ ووٹ حاصل کرنے کے لیے بی جے پی کا خوف دکھاتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’میں عوام کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ بی جے پی سے نہ ڈریں۔ اگر آپ مسلمان ہیں تو صرف اللہ سے ڈریں اور اپنے سامنے موجود بہترین امیدوار کا انتخاب کریں۔‘‘پرشانت کشور کی پارٹی جن سوراج پہلی بار بہار کے اسمبلی انتخابات میں اپنی قسمت آزما رہی ہے۔ ریاست میں دو مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی — پہلا مرحلہ 6 نومبر کو اور دوسرا مرحلہ 11 نومبر کو ہوگا، جب کہ نتائج 14 نومبر کو جاری کیے جائیں گے۔





