بہار اسمبلی انتخابات: نشستوں کی تقسیم پر بات چیت جاری

بہار میں اگلے ماہ انتخابات، این ڈی اے میں نشستوں پر اتفاق قریب، مہاگٹھ بندھن میں اختلاف برقرار، ہفتے کو اعلان متوقع۔
بہار میں آئندہ ماہ اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، تاہم اب تک قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) اور مہاگٹھ بندھن کے درمیان نشستوں کی تقسیم پر مکمل اتفاق رائے نہیں ہو سکا ہے۔ امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی تاحال مؤخر ہے۔این ڈی اے کے صوبائی صدر دلیپ جیسوال نے دعویٰ کیا ہے کہ بات چیت حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا، “نشستوں کے بٹوارے پر اتفاق ہو گیا ہے اور ہفتے کی شام تک باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔”بتایا جا رہا ہے کہ ہفتے کے روز نئی دہلی میں این ڈی اے کی اہم میٹنگ ہوگی، جس میں بہار انتخابات کی تیاریوں، امیدواروں کے چناؤ اور مہم کے خدوخال پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔دوسری جانب، بہار کے نائب وزیرِ اعلیٰ وجے سنہا بھی دہلی پہنچ چکے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا، “ہماری قیادت باصلاحیت اور تجربہ کار ہے۔ تمام امور پر اچھی طرح مشاورت ہو چکی ہے، کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔”
وجے سنہا نے لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے سربراہ چراغ پاسوان کی ناراضی سے متعلق خبروں کی بھی تردید کی۔ ان کے بقول، “چراغ جی نے خود واضح کر دیا ہے کہ وہ مطمئن ہیں اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں کسی تشویش کی ضرورت نہیں ہے۔”چراغ پاسوان نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا تھا، “جہاں میرے وزیرِ اعظم ہیں، وہاں مجھے اپنے احترام یا حصے کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔”ادھر مہاگٹھ بندھن میں بھی نشستوں کے بٹوارے پر حتمی فیصلہ باقی ہے۔ اطلاعات کے مطابق راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور کانگریس کے درمیان چند حلقوں پر اختلافات برقرار ہیں۔
انتخابی کمیشن کے مطابق بہار اسمبلی کے انتخابات دو مرحلوں میں ہوں گے۔ پہلا مرحلہ 6 نومبر اور دوسرا مرحلہ 11 نومبر کو منعقد ہوگا، جب کہ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو کی جائے گی۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، اس بار ریاست میں بی جے پی، جے ڈی یو اور ایل جے پی کے درمیان اتحاد کا امتحان بھی ہوگا، جبکہ آر جے ڈی اور کانگریس کے لیے بھی یہ انتخابات ایک بڑی آزمائش سمجھے جا رہے ہیں۔