برطانیہ ویزاپالیسی میں نرمی سے انکار،وزیراعظم اسٹارمر کا دوٹوک مؤقف

برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے بھارت روانگی سے قبل کہا، ویزا قوانین میں نرمی نہیں ہوگی، توجہ تجارت، سرمایہ کاری اور ترقی پر ہے۔
برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے واضح کیا ہے کہ ان کی حکومت فی الحال ویزا کے قوانین میں کسی قسم کی نرمی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ انہوں نے یہ بات اپنے بھارت کے سرکاری دورے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم اسٹارمر بدھ کے روز بھارت پہنچے، جہاں وہ 100 سے زائد کاروباری شخصیات، ثقافتی نمائندوں اور یونیورسٹیوں کے سربراہان پر مشتمل ایک بڑے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ ان کے دورے کا بنیادی مقصد برطانیہ میں بھارتی سرمایہ کاری میں اضافہ اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانا بتایا جا رہا ہے۔کیئر اسٹارمر نے کہا کہ بھارت اور برطانیہ کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو وسعت دینے کے بے شمار مواقع موجود ہیں، تاہم انہوں نے ساتھ ہی یہ بات بھی دوٹوک انداز میں کہی کہ بھارتی طلبہ یا ملازمین کے لیے ویزا قوانین میں مزید نرمی دینے کا فی الحال کوئی منصوبہ زیرِ غور نہیں ہے۔
ان کے مطابق، “یہ مسئلہ ویزا پالیسی کا نہیں بلکہ کاروبار، سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور برطانیہ کی مجموعی خوشحالی سے متعلق ہے۔”یاد رہے کہ بھارت اور برطانیہ کے درمیان کئی برسوں کی بات چیت کے بعد رواں سال جولائی میں آزاد تجارتی معاہدہ (Free Trade Agreement) طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان اربوں پاؤنڈ مالیت کا تجارتی تعاون متوقع ہے۔تجارتی معاہدے کے تحت برطانوی کاروں اور وہسکی کی بھارت کو کم نرخوں پر برآمد ممکن ہوگی، جب کہ بھارت سے کپڑے، زیورات اور دیگر مصنوعات برطانیہ کو کم قیمت پر بھیجی جا سکیں گی۔ اس اقدام سے دونوں ملکوں کے کاروباری طبقے کو نمایاں فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔
اس معاہدے میں یہ شق بھی شامل ہے کہ برطانیہ میں مختصر مدت کے ویزا پر کام کرنے والے بھارتی ملازمین کو تین سال تک سماجی تحفظ کے چندے (Social Security Contributions) سے استثنا حاصل ہوگا، جس سے ان کے مالی بوجھ میں کمی آئے گی۔تاہم برطانوی وزراء نے واضح کیا ہے کہ اس سمجھوتے کے باوجود امیگریشن پالیسی میں کسی بڑے پیمانے کی تبدیلی نہیں کی گئی۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ ملک کی موجودہ امیگریشن حکمتِ عملی متوازن اور ملکی مفاد کے مطابق ہے، اور مستقبل قریب میں اس میں کسی بڑی ترمیم کی توقع نہیں۔