خبرنامہ

ممبئی میں مراٹھا ریزرویشن تحریک میں شدت

ممبئی میں مراٹھا برادری کا ریزرویشن حاصل کرنے کے لیے جاری احتجاج تیزی پکڑ رہا ہے۔ معروف سماجی کارکن منوج جرانگے کئی دنوں سے انشن پر بیٹھے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ جب تک ان کی برادری کے لیے ریزرویشن کی مانگ پوری نہیں ہو جاتی، وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ جرانگے کا دعویٰ ہے کہ ان کی مانگ آئینی طور پر درست ہے اور حکومت کے پاس ایسے ریکارڈ موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ مراٹھا اور کنبی دراصل ایک ہی ذات ہیں۔ اسی بنیاد پر وہ چاہتے ہیں کہ مراٹھا برادری کو او بی سی زمرے میں شامل کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو ملازمتوں اور تعلیم میں حصہ مل سکے۔یہ احتجاج جنوبی ممبئی کے آزاد میدان میں جاری ہے، جہاں بڑی تعداد میں لوگ ان کے ساتھ موجود ہیں۔ احتجاج کی وجہ سے سی ایس ایم ٹی کے اطراف ٹریفک بھی متاثر ہوا اور پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی اپیل کی۔ منوج جرانگے نے کہا کہ مراٹھا سماج کے افراد دل میں درد لیے یہاں آئے ہیں اور حکومت کو انھیں ہجوم کے طور پر نہیں دیکھنا چاہئے بلکہ سنجیدگی سے ان کی بات سننی چاہئے۔
ادھر سیاست میں بھی یہ معاملہ گرما گیا ہے۔ این سی پی کی رہنما سپریا سولے جب آزاد میدان پہنچیں تو مظاہرین نے ان سے سوالات کیے اور گھیراؤ بھی کیا۔ بڑی مشکل سے وہ وہاں سے نکل سکیں۔ اس سے پہلے بھی کئی سیاسی رہنما منوج جرانگے سے مل چکے ہیں لیکن ان بات چیت کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ریاستی وزیر رادھاکشن ویکھے پاٹل نے کہا ہے کہ حکومت اس مسئلے کو حل کرنے پر کام کر رہی ہے اور جرانگے کے مطالبے پر قانونی مشورہ لیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی، جس کے وہ سربراہ ہیں، معاملے پر غور کر رہی ہے تاکہ کوئی ایسا راستہ نکلے جو آئینی طور پر بھی درست ہو۔ انھوں نے اپوزیشن پر الزام لگایا کہ وہ مسئلے کے حل کے بجائے سیاست کرنے میں مصروف ہے۔ویکھے پاٹل نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی قیادت میں کمیٹی نے حیدرآباد اور ستارا گزٹیئر سے متعلق نکات پر بھی بحث کی ہے اور ریاست کے ایڈووکیٹ جنرل سے رائے لی جائے گی تاکہ قانونی پیچیدگیاں پیدا نہ ہوں۔ انھوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ شرد پوار نے، جو کئی بار ریاست کے وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر رہ چکے ہیں، اپنے دور میں اس مسئلے کو کیوں نہیں سلجھایا۔
دوسری طرف شرد پوار نے کہا کہ عدالت نے اگرچہ ریزرویشن کی حد 52 فیصد طے کی ہے لیکن تمل ناڈو میں 72 فیصد ریزرویشن کو بھی برقرار رکھا گیا ہے، اس لیے آئینی ترمیم کے ذریعے مراٹھوں کو ریزرویشن دیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کو اس معاملے پر شفاف رویہ اپنانا ہوگا۔منوج جرانگے کا کہنا ہے کہ یہ ان کی برادری کی آخری لڑائی ہے اور وہ اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹیں گے جب تک انصاف نہیں ملتا۔ ان کے مطابق یہ ساتواں انشن ہے اور اس بار مراٹھا سماج فیصلہ کن جدوجہد کے لیے میدان میں اترا ہے۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر