خبرنامہ

بہار میں راہل گاندھی کی “ووٹ کا حق” یاترا کا آغاز

راہل گاندھی نے بہار میں 16 روزہ ووٹ حق یاترا شروع کی، مقصد دلت و پسماندہ طبقات کو کانگریس سے جوڑنا ہے۔

نئی دہلی: بہار میں اسمبلی انتخابات سے کچھ ہی مہینے پہلے کانگریس رہنما راہل گاندھی نے اپنی 16 روزہ “ووٹ کا حق یاترا” سہسرارام سے شروع کی ہے، جو یکم ستمبر کو پٹنہ میں ایک بڑی ریلی پر ختم ہوگی۔ یہ یاترا تقریباً 1300 کلومیٹر کا سفر طے کرتے ہوئے 20 سے زیادہ اضلاع سے گزرے گی اور اس دوران ان کے ساتھ آر جے ڈی کے لیڈر تیجسوی یادو بھی شریک رہیں گے۔راہل گاندھی کا مقصد ووٹر لسٹ میں مبینہ بے ضابطگی اور ووٹ چوری کے الزامات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ دلتوں، پسماندہ طبقات اور غریب عوام کو دوبارہ کانگریس کے قریب لانا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ محروم اور کمزور طبقوں کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کے ووٹ کے حق کو مسلسل دبایا جا رہا ہے۔ اسی پس منظر میں یہ یاترا دلت اور پسماندہ ووٹ بینک میں رسائی کی ایک بڑی سیاسی کوشش سمجھی جا رہی ہے۔
سہسرارام کو یاترا کے آغاز کے لیے منتخب کیا گیا ہے کیوں کہ یہ دلت سیاست کا اہم مرکز رہا ہے اور یہاں سے بابو جگ جیون رام اور میرا کمار جیسے بڑے رہنما منتخب ہوتے رہے ہیں۔ کانگریس اور آر جے ڈی کی مشترکہ حکمتِ عملی ہے کہ مسلم، یادو اور دلت ووٹوں کو متحد کر کے این ڈی اے کے اثر کو کم کیا جائے۔گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں اتر پردیش میں راہل گاندھی نے اکھلیش یادو کے ساتھ مل کر آئین کی حفاظت کا بیانیہ بنایا تھا جس کے اثرات کے طور پر دلت ووٹ کا ایک بڑا حصہ بی جے پی سے دور ہوگیا اور کانگریس و سماج وادی پارٹی کو خاطر خواہ کامیابی ملی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ بہار میں بھی ویسا ہی تجربہ کامیاب ہوسکتا ہے یا نہیں، کیوں کہ یہاں قیادت کا مرکزی کردار آر جے ڈی کے پاس ہے جبکہ کانگریس اس یاترا کے ذریعے اپنی سیاسی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ یاترا دراصل بہار میں کانگریس کو دوبارہ بڑی سیاسی قوت بنانے کی جستجو ہے۔ 1990 کی دہائی کے بعد سے بہار اور اتر پردیش دونوں میں کانگریس کا ووٹ بینک سکڑتا گیا اور مسلم و دلت طبقے زیادہ تر علاقائی جماعتوں کی طرف مائل ہوگئے۔ راہل گاندھی اب اس یاترا کے ذریعے چاہتے ہیں کہ کانگریس ایک بار پھر اہم سیاسی مقابلے میں جگہ بنا سکے۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر