بہار کے طلبہ کے لیے خوش خبری

بہار میں سرکاری نوکریوں کے ابتدائی امتحان کی فیس 100 روپے مقرر، مین امتحان مفت، لاکھوں امیدواروں کو براہِ راست فائدہ۔
بہار میں اسمبلی انتخابات جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں، ریاستی حکومت عوام اور بالخصوص نوجوانوں کے لیے مختلف اعلانات کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار نے ایک اہم فیصلہ کیا ہے، جس سے سرکاری نوکری کی تیاری کرنے والے لاکھوں طلبہ کو براہِ راست فائدہ ہوگا۔وزیرِ اعلیٰ نے اعلان کیا کہ اب ریاست میں سرکاری ملازمتوں کے لیے ہونے والے تمام مقابلے کے امتحانات کی ابتدائی یعنی پریلیمینری امتحان (پی ٹی) کی فیس ہر امیدوار کے لیے یکساں 100 روپے ہوگی۔ اس کے علاوہ، جو امیدوار ابتدائی امتحان پاس کر کے مین امتحان میں بیٹھیں گے، ان سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔ اس فیصلے کا مقصد نوجوانوں پر مالی بوجھ کم کرنا اور زیادہ سے زیادہ امیدواروں کو مواقع فراہم کرنا ہے۔یہ بھرتیاں مختلف کمیشنز کے ذریعے ہوتی ہیں، جیسے بہار پبلک سروس کمیشن (BPSC)، بہار اسٹاف سلیکشن کمیشن، بہار ٹیکنیکل سروس کمیشن، بہار پولیس سب آرڈینیٹ سروس کمیشن اور سینٹرل کانسٹیبل سلیکشن بورڈ وغیرہ۔ ان سب پر یہ نیا فیس ڈھانچہ لاگو ہوگا۔
نتیش کمار نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ان کی حکومت کا شروع سے یہ عزم رہا ہے کہ ریاست کے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں اور ان کا مستقبل محفوظ بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے پہلے بھی کئی پالیسی اقدامات کیے گئے ہیں اور اب یہ نیا قدم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انھوں نے بتایا کہ ریاستی سطح کی سرکاری ملازمتوں کے لیے تمام کمیشنز میں فیس کو یکساں کرنے اور امیدواروں کو رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ اقدام براہِ راست ان لاکھوں نوجوانوں کے حق میں جائے گا جو مالی وجوہات کی بنا پر کئی بار فارم بھرنے سے گریز کرتے ہیں۔یہ اعلان انتخابات سے کچھ مہینے پہلے آیا ہے، اس لیے سیاسی ماہرین اسے ایک بڑا انتخابی قدم بھی قرار دے رہے ہیں۔ بہرحال، نوجوانوں میں اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے انہیں کم خرچ میں زیادہ امتحانات میں شامل ہونے کا موقع ملے گا اور سرکاری نوکری کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے امکانات بڑھیں گے۔