بہار میں باورچیوں،نگہبانوں اور انسٹرکٹرز کے اعزازیے دوگنا

بہار حکومت نے اسکولوں کے باورچیوں، نگہبانوں اور جسمانی تعلیم کے انسٹرکٹرز کے اعزازیے کو دوگنا کر دیا ہے، جس سے ہزاروں کارکنوں کو فائدہ ہوگا۔
بہار کے وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے ریاست کے تعلیمی شعبے سے وابستہ مختلف کارکنوں کے اعزازیے میں نمایاں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے ایک سوشل میڈیا پیغام میں بتایا کہ سرکاری اسکولوں میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم (مڈ ڈے میل) کے تحت کام کرنے والے باورچیوں کا ماہانہ اعزازیہ 1650 روپے سے بڑھا کر 3300 روپے کر دیا گیا ہے۔اسی طرح، ثانوی اور اعلیٰ ثانوی اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے رات کے نگہبانوں کا اعزازیہ بھی 5000 روپے سے بڑھا کر 10000 روپے کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق، جسمانی تعلیم اور صحت کے اساتذہ (انسٹرکٹرز) کے اعزازیے میں بھی دوگنا اضافہ کیا گیا ہے، جو اب 8000 روپے سے بڑھا کر 16000 روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے۔ ان کے سالانہ اعزازیے میں اضافے کی شرح بھی 200 روپے سے بڑھا کر 400 روپے کر دی گئی ہے۔نتیش کمار نے کہا کہ ان اقدامات سے متعلقہ کارکنوں کا حوصلہ بڑھے گا اور وہ مزید جوش و جذبے اور دلجمعی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔اس سے پہلے بھی ریاستی حکومت آشا کارکنوں اور “مامتا” کارکنوں کے لیے ترغیبی رقم میں اضافہ کر چکی ہے۔ آشا کارکنوں کو دی جانے والی رقم 1000 روپے سے بڑھا کر 3000 روپے کر دی گئی ہے، جب کہ “مامتا” کارکنوں کو ہر زچگی پر دی جانے والی رقم 300 روپے سے بڑھا کر 600 روپے کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلے مذکورہ کارکنوں کی دیرینہ مطالبات کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔