ممتا بنرجی کا بیان:جگدیپ دھنکھڑ کی صحت بالکل ٹھیک ہے

نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے صحت کی وجوہات بتا کر استعفیٰ دیا، لیکن ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔
مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ کے استعفے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کی صحت کے حوالے سے کسی خرابی کو نہیں مانتیں۔ ریاستی سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اس بات کا فیصلہ نہیں کر سکتیں کہ دھنکھڑ نے عہدہ کیوں چھوڑا۔ان کا کہنا تھا: ’’اس معاملے پر میں کچھ کہنا مناسب نہیں سمجھتی، لیکن میری رائے میں ان کی صحت درست ہے۔‘‘واضح رہے کہ جگدیپ دھنکھڑ نے اپنی ناساز طبیعت کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو ارسال کردہ خط میں انھوں نے کہا کہ وہ فوری طور پر اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو رہے ہیں تاکہ اپنی صحت پر توجہ مرکوز کر سکیں۔