چوپڑا ایل ایس سی سینٹر میں فاصلاتی تعلیم کے طلبہ کی شاندار کامیابی

چوپڑا ایل ایس سی نے 2022-23 میں 104 طلبہ کی 100 فیصد کامیابی کے ساتھ شاندار تعلیمی کارکردگی دکھائی، جن میں بیشتر نے فرسٹ کلاس حاصل کی۔
چوپڑا، اتر دیناج پور (14 جولائی 2025): مولانا ابوالکلام آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے فاصلاتی نظام تعلیم کے تحت چوپڑا کملا پال اسمرتی مہاودیالیہ، چوپڑا، ضلع اتر دیناج پور، مغربی بنگال میں قائم لرنر سپورٹ سینٹر (ایل ایس سی) نے رواں سال زبردست تعلیمی کامیابی حاصل کی ہے۔ سیشن 2022-2023 میں داخلہ لینے والے 104 طلبہ میں سے تمام نے کامیابی حاصل کی، جس کے نتائج 11 جولائی 2025 کو شائع ہوئے۔ایم اے اردو میں 52 طلبہ نے داخلہ لیا تھا، جن میں سے 51 طلبہ نے فرسٹ کلاس اور ایک طالب علم نے سیکنڈ ڈویژن سے کامیابی حاصل کی۔ ان میں 30 طلبہ نے 80 تا 90 فیصد، 21 طلبہ نے 70 تا 80 فیصد اور ایک طالب علم نے 59 فیصد نمبر حاصل کیے۔
ایم اے عربی میں 26 طلبہ نے داخلہ لیا، جن میں 6 نے 80 تا 90 فیصد، 16 نے 70 تا 80 فیصد اور 4 طلبہ نے 60 تا 70 فیصد کے درمیان نمبرات حاصل کیے۔
انگریزی شعبہ میں داخل 22 طلبہ میں 10 نے 80 تا 90 فیصد، 11 نے 70 تا 80 فیصد اور ایک طالب علم نے 60 تا 70 فیصد نمبر حاصل کیے۔
ہسٹری میں تینوں طلبہ نے 70 تا 90 فیصد نمبرات حاصل کیے، جبکہ اسلامک اسٹڈی کے واحد طالب علم نے 80 فیصد نمبر حاصل کر کے نمایاں کامیابی حاصل کی۔
اس سینٹر کا قیام مارچ 2022 میں چوپڑا کالج کے انچارج پروفیسر محمد علیم الدین شاہ کی کوششوں سے عمل میں آیا، جو اس کے موجودہ کوآرڈینیٹر بھی ہیں۔ اس سینٹر میں کونسلر کی ذمہ داری پروفیسر محمد شہباز عالم (ایچ او ڈی، سیتل کوچی کالج، کوچ بہار) اور جناب افتخار الحق (لکچرر، چوپڑا کالج) انجام دے رہے ہیں۔سینٹر کی شاندار کارکردگی کو طلبہ، والدین اور علمی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے۔ آئندہ سیشن کے لیے داخلے کا عمل جولائی کے آخر میں شروع ہوگا۔

رابطہ برائے داخلہ:
📞 81675 88702