گوپال کھیمکا قتل کیس:شوٹر گرفتار، دوسرا ملزم مڈبھیڑ میں ہلاک

پٹنہ میں بزنس مین گوپال کھیمکا قتل کیس میں شوٹر اُمیش گرفتار، دوسرا ملزم وکاس پولیس مقابلے میں ہلاک۔
پٹنہ۔بہار کے معروف تاجر گوپال کھیمکا قتل کیس میں دوسرا ملزم وکاس عرف راجا پولیس کے ساتھ مڈبھیڑ میں مارا گیا ہے۔ اس سے پہلے پیر کے روز پولیس نے مرکزی شوٹر اُمیش کمار کو گرفتار کر لیا تھا۔ منگل کی صبح تقریباً چار بجے، مالسالامی تھانہ کے علاقے میں واقع اینٹوں کے بھٹے کے قریب پولیس اور وکاس کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں وہ ہلاک ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے وقت وکاس اُمیش کے ساتھ موجود تھا۔واضح رہے کہ گوپال کھیمکا کے قتل میں ملوث شوٹر اُمیش کمار کو پٹنہ کے مالسالامی علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا اور اس کی نشاندہی پر پولیس نے گنگا کے کنارے سے ہتھیار بھی برآمد کیے۔ تفتیش کے دوران پتہ چلا ہے کہ اُمیش کو مالی مشکلات کا سامنا تھا اور اس نے محض ایک لاکھ روپے کے عوض یہ واردات کی۔
پولیس اور اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کی مشترکہ کارروائی میں اُمیش کی نشاندہی پر کوتوالی تھانے کے قریب اُدے گری اپارٹمنٹ کے فلیٹ نمبر 601 پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔پولیس ڈائریکٹر جنرل ونئے کمار نے پیر کو بتایا تھا کہ کیس کی ہر زاویے سے تفتیش کی جا رہی ہے اور پولیس بہت جلد قاتلوں تک پہنچ جائے گی۔ بانکی پور کلب کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا گیا، مگر بدقسمتی سے فوٹیج کا بیک اپ دستیاب نہیں ہو سکا۔
یاد رہے کہ جمعہ، 4 جولائی کی رات، پٹنہ کے گاندھی میدان تھانہ کے علاقے رام غلام چوک کے قریب نامعلوم افراد نے بزنس مین گوپال کھیمکا کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ اس سنگین واردات کی تحقیقات کے لیے پولیس نے خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی ہے اور خفیہ ایجنسیوں کو بھی فعال کر دیا گیا ہے، تاکہ جلد از جلد قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔
