دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤ شریف میں ذکر شہدائے کربلا

خصوصی خطاب نورالعلماء پیرطریقت حضرت علامہ سیدنوراللہ شاہ بخاری نے کیا
حسب روایت 10 محرم الحرام 1447ھ/6 جولائی 2025ء بروز اتوار،راجستھان کی عظیم وممتاز اور علاقۂ تھار کی عظیم ومنفرد دینی درسگاہ “دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤ شریف”کی عظیم الشان غریب نواز مسجد میں شہدائے کربلا کی یاد میں ایک عظیم دینی ومذہبی پروگرام بنام”ذکر شہدائے کربلا” انتہائی عقیدت و محبت اور تزک واحتشام کے ساتھ انعقاد پذیر ہوا-
اولا بعدنماز فجر اجتماعی قرآن خوانی ہوئی،بعدہ تقریباً 9بجے صبح باقاعدہ تلاوت کلام ربانی سے محفل پاک کی شروعات ہوئی-
بعدہ دارالعلوم کے کئی ہونہار طلبہ نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللّٰہ علیہ والہ وسلم میں نعتہائے رسول اور شہدائے کرب وبلا کی بارگاہوں میں مناقب اور فلسفۂ شہادت،شہدائے کربلا کا حقیقی پیغام اور فضائل اہل بیت رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کے عنوان پر تقریریں کیں-
آخر میں خصوصی خطاب شہزادۂ جہانیاں نورالعلماء پیرطریقت حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی شیخ الحدیث دارالعلوم انوارمصطفیٰ وسجادہ نشین خانقاہ عالیہ بخاریہ سہلاؤ شریف نے معرکۂ کربلا کے فلسفہ اور اہل بیت اظہار سے محبت ومودت کے عنوان پر قرآن وحدیث کے حوالے سے بہت ہی عمدہ،مدلل اور عقیدت ومحبت سے لبریز خطاب کیا-
آپ کے خطاب سے قبل یکے بعد دیگرے معروف ثنا خوانان رسول حضرت مولانا قاری محمد جاوید صاحب سکندری برکاتی انواری وحضرت مولانا حافظ وقاری محمد برکت علی احسنی انواری نے اردو و سندھی زبان میں بارگاہ شہدائے کربلا میں آپ کے ہی لکھے ہوئے کلام کو بڑے عمدگی اور شیریں انداز میں پڑھنے کا شرف حاصل کیا-
نظامت کے فرائض طلیق اللسان حضرت مولانا محمدحسین صاحب قادری انواری نگراں:شاخہائے دارالعلوم انوار مصطفیٰ نے بحسن وخوبی انجام دیا-
صلوٰۃ وسلام،اجتماعی فاتحہ خوانی اور قبلہ پیر صاحب کی دعا پر یہ مجلس سعید اختتام پزیر ہوئی-
بعدہ سبھی شرکاء نے لنگر حسینی تناول کیا-
اس دینی ومذہبی پروگرام میں دارالعلوم کے اساتذہ وطلبہ سمیت ہزاروں کی تعداد میں عوام اہل سنت نے شرکت کی-