پٹنہ میں جرائم کی لہر: اسکول کے ڈائریکٹر کو گولی مار کر قتل

پٹنہ کے کھگول میں نجی اسکول ڈائریکٹر اجیت کمار کو اسکوٹی پر جاتے ہوئے گولی مار کر قتل کر دیا گیا، پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
پٹنہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں بڑھتے ہوئے جرائم نے پولیس کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ جیسے ہی پولیس کسی واردات کی تفتیش شروع کرتی ہے، اسی دوران مجرم دوسری واردات کو انجام دے دیتے ہیں۔ تازہ واقعہ پٹنہ کے قریب کھگول تھانہ کے حدود میں پیش آیا، جہاں DAV پبلک اسکول کے قریب اتوار کے روز کچھ نامعلوم افراد نے ایک نجی اسکول کے ڈائریکٹر کو گولی مار دی، جس کے نتیجے میں ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔مہلوک کی شناخت اجیت کمار کے طور پر ہوئی ہے، جو مصطفیٰ پور گاؤں (کھگول تھانہ علاقہ) کے رہائشی تھے۔ اطلاعات کے مطابق وہ اس وقت اپنی اسکوٹی پر گھر واپس جا رہے تھے جب حملہ آوروں نے ان کے سر میں گولی مار دی۔ پولیس کو اطلاع ملتے ہی داناپور سب ڈویژنل اسپتال میں لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔
واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سٹی ایس پی (مغربی) بھانو پرتاپ سنگھ فورس کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچے۔ ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد یہ واضح ہے کہ حملہ آوروں نے قریب سے ان کے سر پر فائر کیا اور جائے وقوعہ سے گولی کا خول (خولہ) بھی برآمد کیا گیا ہے۔ معاملے کی سنجیدگی کے پیش نظر خصوصی تفتیشی ٹیم (SIT) تشکیل دی گئی ہے اور قریبی علاقوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ جلد ہی مجرموں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ تاہم، اس واقعے سے کچھ دن قبل ہی پٹنہ میں معروف بزنس مین گوپال کھیمکا کو بھی گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا، لیکن پولیس اب تک اس معاملے میں کسی کو گرفتار نہیں کر سکی ہے۔ ان واقعات نے عوام کے درمیان خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے اور قانون و نظم و نسق کی حالت پر سنگین سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔