ایران کا اسرائیل پر بڑا جوابی وار،تل ابیب سمیت متعدد شہروں میں میزائل حملے

ایران نے امریکی بمباری کے بعد اسرائیل کے مختلف شہروں پر میزائل داغے، جس سے تل ابیب سمیت کئی علاقوں میں سائرن بجے اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ایران نے جوہری تنصیبات پر امریکی بمباری کے بعد اسرائیل کے مختلف علاقوں کو ہدف بناتے ہوئے سخت جوابی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اسرائیلی دفاعی حکام کے مطابق، ایران کی جانب سے داغے گئے درجنوں میزائلوں نے تل ابیب، حائفہ، نیس زیونا اور ریشون لیسیون جیسے شمالی و وسطی شہروں میں خطرے کی گھنٹیاں بجا دیں۔اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ملک بھر میں سائرن بجائے گئے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے اور سیکیورٹی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ دفاعی افواج (IDF) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران سے داغے گئے میزائلوں کی بروقت شناخت کے بعد مخصوص علاقوں میں حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور فوجی دستے ہر ممکن جوابی اقدام میں مصروف ہیں۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ اور عالمی رپورٹس کے مطابق، ایران نے کم از کم 30 میزائل فائر کیے جن سے کئی مقامات پر تباہی اور زخمیوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ مقامی امدادی اداروں کے مطابق، مرکزی اسرائیل میں ہونے والے حملوں کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب، ایرانی میڈیا نے حملے کی ویڈیوز اور تصاویر جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کارروائی اسرائیل کی اشتعال انگیزیوں اور امریکی جارحیت کے ردِعمل میں کی گئی ہے۔ ایک ایرانی نیوز اینکر نے لائیو نشریات میں بتایا کہ یہ مناظر اسرائیل پر تازہ ترین میزائل حملوں کے ہیں، جو ایران کی جانب سے فوری اور سخت جواب کا حصہ ہیں۔یہ صورتحال مشرقِ وسطیٰ میں پہلے سے کشیدہ ماحول کو مزید نازک بنا رہی ہے، جب کہ عالمی برادری کی نظریں آنے والے ردعمل اور ممکنہ جنگی وسعت پر مرکوز ہو گئی ہیں۔